کراچی مسلسل دوسرے روز کورونا کیسز کی مثبت شرح میں سب سے آگے
کراچی:دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک کو ہلاکر رکھ دینے والے مہلک کورونا وائرس کے پاکستان میں بھی وار جاری ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 8.58 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کراچی میں کورونا وائرس کیسز کی مثبت شرح 21.80 فیصد رہی جو ملک میں سب سے زیادہ تھی۔واضح رہے کہ یہ مسلسل دوسرا دن تھا جب کراچی میں مثبت کیسز کی شرح سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔
کراچی کے بعد آزاد کشمیر کے علاقے میرپور میں مثبت شرح 18.31 فیصد، مظفرآباد میں 16 فیصد ریکارڈ کی گئی۔این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں 2 ہزار 486 کووڈ مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے اور اس میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
صوبوں اور علاقوں میں مثبت شرح کو دیکھیں تو سندھ میں سب سے زیادہ 13.87 فیصد رہی، جس کے بعد آزاد کشمیر میں 9.77 فیصد، خیبرپختونخوا میں 9.67 فیصد، بلوچستان میں 8.68 فیصد، اسلام آباد میں 4.88 فیصد، پنجاب میں 4.00 فیصد اور گلگت بلتستان میں 2.78 فیصد ریکارڈ کی گئی۔


