دہشتگردی کا کوئی واقعہ ہوا تو عمران خان کیخلاف مقدمات درج کروائینگے‘ مولاناغفور حیدری
لاہور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما عبد الغفور حیدر ی نے کہا ہے کہ لاہور جاگ اٹھا تو ملک جاگ اٹھا ہے،لاہور پاکستان کا دل ہے جب دل دھڑکتا تو تمام اعضا ء متحرک ہو جاتے ہیں، تیرہ دسمبر کا جلسہ سلیکٹڈ حکومت کے تابو ت میں آخری کیل ثابت ہوگا،حکمران دہشتگرد کا حلیہ بتاتے ہیں رنگ داڑھی بتاتے لیکن گرفتار نہیں کرتے،اگر دہشتگردی کا کوئی واقعہ ہوا تو عمران خان اور وزرا ء کیخلاف مقدمات درج کروائیں گے۔ مینار پاکستان کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب جاگ اٹھا ہے،سندھ، خیبر پختوانخواہ اوربلوچستان جاگ اٹھے ہیں،تیرہ دسمبر کو مینار پاکستان پر تاریخ کا عظیم الشان جلسہ ہوگا،جو ظالم نااہل سلیکٹڈ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کسی کی ذات سے دشمنی نہیں ہے،ملک کے تمام طبقات مزدور،کسان،وکلا ء،ڈاکٹرز انجینئرز سمیت سب نے حکومت کے خلاف نفرت کااظہار کر دیا ہے،پی ڈی ایم کی نہیں قوم کی تحریک ہے اورحکومت کو جلد گھر بھیجیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے سمجھداری کا مظاہرہ کیا کہ رکاوٹیں نہیں ڈال رہے، ہم نے کہیں بھی قانون ہاتھ میں نہیں لیا۔ا نہوں نے کہا کہ عمران خان نے یوٹیلٹی بل پھاڑے،قوم سے اپیل کی سول نافرمانی کریں،کوئی حکومت کو بل اور ٹیکس نہ دے لیکن ہم نے ایسی کوئی بات نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ اور ہم پر امن ہیں،جلسہ قوم کا ریفرنڈم ہوگا،تمام اضلاع سے قافلے آئیں گے۔ا نہوں نے کہا کہ کرونا سمجھدار ہے جو عمران کے جلسے میں نہیں جاتا لیکن اپوزیشن کے جلسے میں آ جاتا ہے، عمران خان اتنا جھوٹ بولتے ہیں کہ ملتان کے جلسے کے بعد ہسپتال بھر گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تحریک ہے کوئی حادثانی جلسہ نہیں جو رک جائے گا،اگر حکمران دہشتگردی کا ارتکاب نہ کریں تو کوئی دہشتگردی نہیں،دہشتگرد کا حلیہ بتاتے ہیں رنگ داڑھی بتاتے لیکن گرفتار نہیں کرتے،اگر دہشتگردی کا واقعہ ہوا تو عمران خان اور وزرا ء کے خلاف مقدمات درج کروائیں گے،حلیہ بتانے والے دہشتگردوں کو کیوں گرفتار کیوں نہیں کرتے۔


