علی وزیر کی گرفتاری جمہوری روایات کے منافی ہے،بلاول بھٹو زرداری
لاہور:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے جمہوری روایات کے منافی قرار دیا ہے۔جمعرات کوبلاول بھٹو زرداری نے پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما کی گرفتاری پر اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ایک منتخب رکن اسمبلی کو یوں گرفتاری کرنا جمہوری روایات کے منافی ہے، جلسے اور عوامی ریلیاں کوئی جرم نہیں کہ اس کی بنیاد پر کسی کو گرفتار کیا جاسکے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوامی نمائندوں اور سیاسی رہنماوں کے خلاف درج ہونے والا مقدمہ بے بنیاد ہے، ریاست آزادی اظہار رائے کو اگر یونہی پابند سلاسل کرتی رہی تو اس کے اچھے نتائج برآمد نہیں ہوں گے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ دنیا میں فاشسٹ حکومتوں کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ وہ عوام کی آواز دبانے کے لئے ان کے نمائندوں کے خلاف مقدمات کا اندراج کرتے ہیں اور ان کو گرفتار بھی کرتے ہیں، پاکستان پر مسلط کٹھ پتلی سرکار بھی اسی فسطائیت زدہ رویئے کی علمبردار بن کر جمہور کی صداوں کو جبر کے ہتھیاروں سے دبانے کی مذموم کوشش کررہی ہے۔


