لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کا فیصلہ واپس لیاجائے، پشتونخوامیپ

کوئٹہ(آئی این پی) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں صوبے کے تین اضلاع کوئٹہ، گوادر اور لسبیلہ میں لیویز فورس کو پولیس میں ضم /ماتحت کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ لیویز فورس صوبے کی تاریخ میں ایک موثر فورس رہی ہے بی ایریا کا کنٹرول جو کہ لیویز فورس کے پاس ہے اور یہ رقبے میں صوبے کا تقریباً90فیصد سے زیادہ ہے اور اس میں کرائمز ریشو اے ایریا سے تقریباً80فیصد کم ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے عوام کا روزاول سے مطالبہ رہا ہے کہ لیویز فورس کو جدید بنیادوں پر مزید منظم کرنا ضروری ہے اور انہیں جدید تربیت، اسلحہ اور تمام وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ جبکہ ہمارے گزشتہ دور حکومت میں لیویز فورس کو تربیت دینے کیلئے کوئٹہ اور خضدار میں تربیتی مراکز قائم کیئے گئے تھے۔ اور لیویز فورسز کی باقاعدہ تربیت بھی شروع ہوگئی تھی اور اب مزید لیویز فورس کو منظم اور فعال بنانے اور اس میں اضافہ کرنا ضروری ہے۔ لیکن تین اضلاع کے لیویز کو پولیس میں ضم /ماتحت کرنے کا نوٹیفکیشن عوام کے مطالبے کے برعکس ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسی طرح پولیس فورس کی جگہ ایف سی لانے کی سازش بھی جاری ہے جو ناقابل قبول ہے اور باڈر فورس کو شہری معاملات میں ملوث کرنا دانشمندی نہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ لیویز کا پولیس میں ضم کرنے کی کارروائی کسی صورت قابل قبول نہیں پشتونخوامیپ سلیکٹڈ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن واپس لینے کا پرزور مطالبہ کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں