عمران خا ن نے سلیکٹرز کو بھی شرمندہ کر دیا،پلوشہ خان
اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پلوشہ خان نے عمران خان کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقت نے ثابت کر دیا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے درست کہا تھا کہ ملک نالائق اور نااہل شخص کے حوالے کر دیا ہے۔ عمران خا ن کا یہ اقرار کہ انہیں حکومت میں آنے سے پہلے ملکی معاملات کا کوئی علم نہیں تھا نے سلیکٹرز کو بھی شرمندہ کر دیا ہے۔ پلوشہ خان نے کہا کہ عمران خان تو دعویٰ کرتے تھے کہ ان کے پاس 200 معیشت کے ماہرین ہیں وہ کہاں ہیں، وہ معیشت کے ماہر تھے یا منشیات کے ماہر تھے اور انہوں نے ساڑھے سات سال کے دور میں کے پی کے جو حشر نشر کر دیا ہے اب پورے ملک کا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب اناڑی سیاستدان کے حوالے ملک کیا جائے تو معیشت تباہ ہو جاتی ہے، خارجی امور بے معنی ہو جاتے ہیں اور عوام مشکلات کے شکار ہو جاتے ہیں۔ پلوشہ خان نے کہا کہ عمران خان کے آج کے اقرار نے پی ڈی ایم کے اس موقف کو تقویت دی ہے کہ نالائق اور نااہل سلیکٹڈ وزیراعظم ملک کی جان چھوڑیں کیونکہ ان کی وجہ سے ملک تباہی کے دہانے پر آچکا ہے


