کورونا وائرس سے براعظم انٹارکٹیکا بھی متاثر
سینتیاگو،نیو یارک: کورونا وائرس سے براعظم انٹارکٹیکا بھی متاثر ہو گیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق براعظم انٹارکٹیکا کے برنارڈو او ھائینس ریسرچ سینٹر میں تعینات چلی کے فوجی اہلکاروں میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی۔چلی کے آرمی بیس پر 36 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثرہ افراد میں 26 جوان اور 10 سویلین کنٹریکٹرز شامل ہیں۔ترجمان چلی فوج کے مطابق کورونا کی تشیخص دو جوانوں کے بیمار ہونے کے بعد ہوئی۔چلی نے 36 مریضوں کو واپس بلالیا ہے جہاں ان کی طبیعت کافی بہتر ہے جبکہ ان کی جگہ دوسرے عملے کو تعینات کیا گیا ہے۔انٹارکٹیکا میں بھی کیسز رپورٹ ہونے کے بعد اب دنیا کا کوئی بھی براعظم ایسا نہیں جہاں یہ مہلک وائرس نہ پہنچا ہو۔دوسری جانب عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا میں 7 کروڑ 83 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 17 لاکھ 23 ہزار 771 اموات ہو چکی ہیں۔دنیا میں کورونا کے 5 کروڑ 45 لاکھ 88 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہو چکے اور 2 کروڑ 14 لاکھ 15 ہزار سے زائد زیر علاج ہیں۔امریکہ میں کورونا کی صورتحال سب سے خوفناک ہے جہاں 3 لاکھ 26 ہزار 772 اموات ہو چکی ہیں اور ایک کروڑ 84 لاکھ 73 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔بھارت کورونا کیسز کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں اموات کی تعداد ایک لاکھ 46 ہزار 145 اور ایک کروڑ 75 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔برازیل میں کورونا سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 87 ہزار 322 اور 72 لاکھ 64 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔روس میں 28 لاکھ 77 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 51 ہزار 351 ہے۔فرانس میں 24 لاکھ 79 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 60 ہزار 900 جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ترکی میں 20 لاکھ 43 ہزار 704 افراد متاثر اور 18 ہزار 351 ہلاک ہو چکے ہیں۔برطانیہ میں 20 لاکھ 73 ہزار کورونا کیسز اور 67 ہزار 616 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ اٹلی میں بھی 19 لاکھ 64 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں جبکہ 69 ہزار 214 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔دنیا بھر میں پہلے 50 لاکھ کیسز کا سفر 186 دنوں میں طے ہوا۔ ایک کروڑ سے دو کروڑ کیسز ہونے میں 43 دن لگے۔


