کوئٹہ،جان محمدگرگناڑی کے اغواو رہائی کے محرکات سامنے لائے جائیں، جھالاوان عوامی پینل کا احتجاج
کوئٹہ:جھالاوان عوامی پینل کے مرکزی رہنماؤں میر شہباز قلندرانی ودیگر نے مطالبہ کیا ہے کہ جان محمد گرگناڑی کے اغوا اور رہائی سے متعلق محرکات کو سامنے لایا جائے، سیاسی مخالفت کی بناء پر کشت و خون کو میر شفیق الرحمن مینگل سے جوڑنا صحیح نہیں، میر شفیق الرحمن نے وڈھ کی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کا بیڑ اٹھا رکھا ہے اسی لئے بعض عناصر اپنی اقتدار خطرے میں دیکھ کر جھالاوان عوامی پینل کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب کے باہر جھالاوان عوامی پینل کے زیر اہتمام منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک قوم پرست جماعت صوبے میں بدامنی پھیلانا چاہتی ہے حکومت ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کے لئے اقدامات اٹھائیں۔ مملکت خداد اد پاکستان بے مثال قربانیوں کی بدولت وجودمیں آیا، بلوچستان کے محب وطن باسی اس کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر جھالاوان عوامی پینل کے رہنماؤں پر الزامات لگاکر لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وڈھ اور بلوچستان میں امن بحال کرنے والوں کو نشانہ بنانے والوں کے عزائم کامیاب نہیں ہونگے۔ بلوچستان پر حکومت کرنے والے قوم پرستوں نے قوم کو لاشوں کی سیاست دی اور بلوچ حقوق کے دعوے داروں نے اپنے علاقوں کو پسماندہ رکھا۔ انہوں نے کہا کہ کل تک افغانوں کو ملک سے نکالنے کا مطالبہ کرنے والے قوم پرست آج کس منہ سے ایک ساتھ بیٹھے ہیں جب ان کی حکومت سازی کے لئے ڈیل ہوئی تو اس وقت ادارے، اسٹیبلشمنٹ سب اچھے تھے لیکن آج انہی اداروں کو ہدف تنقید بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب تک میر شفیق مینگل کی قیادت میں کارکن زندہ ہیں ایسے عناصر کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ6نکات کی سیاست عوام کی فلاح و بہبود کی بجائے اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے ہیں، جھالاوان عوامی پینل نے کبھی ملک مخالف نعروں کا سہارا نہیں لیا، ہم بلوچ پشتون برادر اقوام کو لڑانے کی سازشوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے ایسا چاہنے والے بلوچستان کے خیر خواہ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ 2018میں الیکشن جیتنے والے ملکی اداروں کی خلاف باتیں کررہے ہیں، میر شفیق الرحمان مینگل نے وڈھ کی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کابیڑہ اٹھارکھا ہے اسی لئے کچھ لوگ اپنی اقتدار کو خطرے میں دیکھ کر اس کی راہ میں رکاوٹ بننے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سابق وزیر اعظم نوازشریف کے ساتھ گٹھ جوڑ کرنے والوں کو صرف اپنے مفادات عزیز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفت کی بناپر کشت و خون کو میر شفیق الرحمن مینگل سے جوڑنے کی ناکام کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جان محمد گرگناڑی کے اغوا کی مزمت کی اور بازیابی کا بھی مطالبہ کیا تھا ان کی اغواء اور رہائی سے متعلق محرکات کو سامنے لایا جائے۔


