جمعیت علماء کے کارکن اپنے قائد کی خاطر جانوں کے نذرانے دینے کو تیار ہیں، عبدالواسع
کوئٹہ : جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں حقیقی جمہوری نظام کے نفاذ تک بھرپور جدوجہد جاری رکھیں گی 31جنوری تک سلیکٹڈحکمران مستعفی نہ ہوئے تو پی ڈی ایم اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔مو لا نا عبدالواسع نے کہاکہ جمعیت علما اسلام ایک بڑی سیاسی قوت ہے جس کے کا رکن اپنے قائد کی خاطر جا نوں کے نذرانے دینے کو تیار ہیں، سلیکٹڈحکمران اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے پی ڈی ایم اور جمعیت علما ء اسلام کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کررہے ہیں، انہوں نے کہاکہ جمعیت علما ء اسلام اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں 13جنوری کو لورالائی میں سلیکٹڈ حکومت کے خلاف احتجاج کرے گی جس میں پی ڈی ایم کے مرکزی قائد مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر قائدین بھی شرکت کریں گے،انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا کردیا ہے آئے روز آٹا،چینی اور دیر اشیا ئے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے غریبوں کا مزید بھی جینا دو بھر ہو کر رہ گیا ہے انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں کے لئے آخری موقع ہیں کہ وہ خود کا احتساب کرکے عوام سے معافی مانگے اور31جنوری تک استعفے دے کر گھروں کو چلے جائیں۔بصورت دیگر پی ڈی ایم وفا قی دارالحکومت اسلام آباد کی طرفلانگ ما رچ کرے گی۔