کورونا: سال نو پر نئی دلی اور ممبئی میں کرفیو نافذ
نئی دہلی :بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں کورونا وائرس کی وباء کے سبب سال نو کے موقع پر آج رات اور یکم جنوری کی رات 11 بجے سے صبح 6 بجے تک کیلئے نائٹ کرفیو نافذ رہے گا۔
نئی دہلی حکام کے مطابق عوامی مقامات پر 5 یا اس سے زیادہ افراد ایک ساتھ جمع نہیں ہو سکیں گے، اس کے علاوہ نئے سال کے موقع پر کسی بھی جشن یا تقریب کی اجازت نہیں ہوگی۔
نئی دہلی میں نئے سال کے موقع پر عوامی مقامات پر مجمع لگنے سے روکنے کے کیلئے نائٹ کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ مقامی حکومت کے ماتحت کام کرنے والی دہلی ڈیزازسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) کی جانب سے کیا گیا ہے۔
نئی دہلی کے علاوہ کئی ریاستوں میں نئے سال کے موقع پر پابندیاں عائد کی گئی ہیںجبکہ کئی ریاستوں میں جہاں کورونا وائرس کے کیسز قدرے کم ہیں وہاں ضلعی انتظامیہ کو فیصلہ لینے کا اختیار دیا گیا ہے۔
بھارت کی تمام ریاستوں میں کورونا وائرس کے پیش نظر احتیاط برتی جا رہی ہے اور لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نئے سال کا جشن اپنے گھروں پر ہی منائیں۔