پی ڈی ایم کا اہم سربراہی اجلاس (آج)جاتی امراء رائے ونڈ میں ہوگا،صدر فضل الرحمان صدارت کرینگے
لاہور:اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا سربراہی اجلاس آج (جمعہ) جاتی امراء رائے ونڈ میں ہوگا۔ اجلاس کی صدارت اتحاد کے صدر مولانا فضل الرحمان کریں گے جبکہ اجلاس میں اتحاد میں شامل جماعتوں کے سربراہان اور سینئر مرکزی رہنما بھی شریک ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں ضمنی اور سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے کے حوالے سے غور کیا جائے گا اور اتفاق رائے نہ ہونے کی صورت میں متوقع طور پر اکثریتی رائے کا فیصلہ تسلیم کیاجائے گا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسمبلیوں سے استعفے دینے او رلانگ مارچ کیلئے مناسب وقت بارے بھی غوروخوض کیا جائے گا۔ اجلاس میں تمام جماعتیں 31دسمبر کی ڈیڈ لائن کے مطابق اپنے اراکین کے استعفوں کے حوالے سے بھی آگاہ کریں گی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کا بھی امکان ہے۔


