اوتھل: اوڑکی میں ٹصادم، ایک شخص جاں بحق، 6افراد زخمی

اوتھل(نمائندہ انتخاب)لاکھڑا کے علاقے اوڑکی میں تصادم ایک شخص ہلاک،دو عورتوں سمیت 6 افراد لہولہان ہوگئے۔تفصیلات کیمطابق لسبیلہ کی تحصیل لاکھڑا کے علاقے اوڑکی میں ہاریوں کے جت اور مگسی کے دو گروپس میں تصادم ہوگیا،تصادم میں جت برادری کا ایک شخص گل حسن ولد مشبول جت سکنہ جھل مگسی موقع پر ہلاک ہوگیا، جبکہ دو عورتوں سمیت 6 افراد شدید زخمی ہوگئے۔زخمیوں میں در محمدقوم مگسی ولپٹ بیلہ، مور خان ولد مٹھا خان مگسی، برکت ولد در محمد مگسی،تاج محمد ولد علی بخش قوم میر جت اور جت برادری کی دو عورتیں شامل ہیں،رابطہ کرنے پر ایس ایچ او لاکھڑا محمد رفیق سومرو نے بتایا کہ دونوں گروپس میں تصادم فصل میں بکریاں چھوڑنے کی وجہ سے ہوا۔تصادم میں کلہاڑیوں اور لاٹھیوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں 6 افراد شدید زخمی ہوئے اور گل حسن جت موقع پر ہلاک ہوگیا،جبکہ زخمیوں کو سول ہسپتال اوتھل منتقل کیا گیا جہاں ہسپتال کے عملے اور لسبیلہ ویلفیئر ٹرسٹ کے رضاکاروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔جبکہ 4 شدید زخمیوں کو کراچی ریفر کیا گیا۔پولیس نے واقع کی مزید کارروائی شروع کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں