پاکستان میں بجلی کا بریک ڈاؤن: سوشل میڈیا پر مارشل لا کی افواہیں
اسلام آباد :اتوار(10 جنوری) کی شب لگ بھگ 12 بجے یکدم کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کے کئی شہر بجلی کے ترسیلی نظام میں خرابی کے باعث تاریکی میں ڈوب گئے تھے۔
رات گئے ملک میں ہونے والے بجلی کے بریک ڈاؤن سے پوری ٹراننسمیشن، 22 ہزار میگا واٹ کی ترسیل اور تقسیم کا نظام ٹرپ کرگیا تھا۔
ساتھ ہی اتنے بڑے پیمانے پر بجلی کی بندش سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں اور چہ مگوئیاں جاری تھیں جبکہ یہ افواہیں بھی زیر گردش تھیں کہ مارشل لا لگ گیا ہے۔
بعدازاں وزیر بجلی و قدرتی وسائل عمر ایوب نے ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ ‘بجلی کے ترسیلی نظام میں فریکوینسی اچانک 50 سے صفر پر آنے کی وجہ سے ملک میں بجلی کا بلیک آؤٹ ہے، فریکونسی گرنے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے، اس وقت تربیلا کو چلانے کی کوشش ہو رہی ہے جس سے ترتیب وار بجلی کا نظام بحال کیا جائے گا’۔
جس کے بعد بجلی کی بتدریج بحالی کا آغاز ہوا تاہم اب تک کئی علاقے بجلی سے محروم ہیں جبکہ بریک ڈاؤن سے متعلق سوشل میڈیا پر مختلف تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔


