احتیاطی تدابیر سے ہی وبا پر قابو پاسکتے ہیں، ظفر مرزا

ا سلام آباد:وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کورونا وائرس پر قابوپانے کے لیے حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کرنے پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام سماجی دوری کی ہدایات پر عمل کریں،پاکستان میں تخمینوں سے بہت کم کیسز ہیں، ان اقدامات پر سختی سے عمل کریں اور لوگ ان احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہوں گے تو یقینا کیسز کی تعداد ان تخمینوں سے کم ہوں گے،عمل نہیں کیا گیا تو کیسزکی تعداد اچانک بہت بڑھ بھی سکتی ہے۔ اتوار کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہاکہ اب تک بڑے بڑے جو اقدامات کیے گئے ہیں ان میں سماجی میل جول کوکم کرنے اور سماجی دوری شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں تخمینوں سے بہت کم کیسز ہیں، ان اقدامات پر سختی سے عمل کریں اور لوگ ان احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہوں گے تو یقیناً کیسز کی تعداد ان تخمینوں سے کم ہوں گے لیکن اس پر عمل نہیں کیا گیا تو کیسزکی تعداد اچانک بہت بڑھ بھی سکتی ہے۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے ہی وبا پر قابو پاسکتے ہیں اس لیے خود بھی عمل کرنے اور اپنی برادری، دوستوں اور گھر والوں کو بھی اس کا پابند کرنے کی ضرورت ہے، سب کو یہ تدابیر یاد رکھنی چاہیے اور عمل کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ان احتیاطی تدابیر میں پہلی اور بنیادی چیز یہ ہے کہ بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں، اپنے آپ کو گھر میں پابند رکھیں،اگر باہر نہ آئے تو لوگوں سے میل ملاپ نہ کریں اور ایک محفوظ فاصلے پر رہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ ہاتھ ملانا اور گلے ملنا ہماری ثقافت کا حصہ ہے لیکن اس سے مکمل طور پر اجتناب کریں اور پابندی لگا دیں کہ لوگوں سے بغل گیر نہیں ہونا اور ہاتھ نہیں ملانا۔انہوں نے کہا کہ حفظان صحت کے اصول کے مطابق اپنی صفائی، اپنے ماحول کی صفائی سمیت دیگر ہدایات دی گئی ہیں خاص کر ہاتھ دھونے کی ہدایت پر عمل کریں کیونکہ اس کو پھیلانے کے لیے ہمارے ہاتھ سبب بن سکتے ہیں اس لیے جتنا ممکن ہوسکے صابن کے ساتھ 20 سیکنڈ تک اچھی طرح دھوئیں اور میز، کتابوں اور دیگر اشیا پر بلا ضرورت لگانے سے گریز کریں۔انہوں نے کہاکہ یہ تمام چیزیں بظاہر بہت سادہ ہیں لیکن ان پر عمل کریں تو ہم اس بیماری کے پھیلاؤ کو مؤثر طریقے سے پاکستان میں روکنے میں کامیاب ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں