رات گئے معروف بھارتی اداکارہ کا پیچھاکرنے اور دھمکانےکے الزام میں 4 افراد گرفتار
اداکارہ نےشدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی صورت حال میں تو وہ اس شہر میں نہیں رہنا چاہتیں،
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں رات گئے معروف اداکارہ کا گھر تک پیچھا کرنے اور دھمکانےکے الزام میں 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی پولیس نے ملزمان کے خلاف دھمکانے، پیچھا کرنے اور خاتون کو پریشان کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق معروف ٹی وی اداکارہ نے بھارتی اخبار کو بتایا ہےکہ وہ شوہر کے ہمراہ رات 2 بجے فیملی ڈنر سے واپس آرہی تھیں کہ راستے میں اچانک سے ایک گاڑی آگئی اور ڈرائیور کو بیچ سڑک پر گاڑی روکنا پڑی۔
اداکارہ کے مطابق ملزمان نے ہمیں راستہ دینے کے بجائے گاڑی وہیں روک دی اور جب ہم اوور ٹیک کرکے جانے لگے تو انہوں نے بھی ہمارا پیچھا شروع کردیا جس نے ہمیں پریشان کردیا۔
اس دوران ہمارا گھر جو کہ قریب ہی تھا آگیا لیکن سوسائٹی کا گیٹ کھلنے تک گاڑی میں موجود 4 افراد ہمیں دھمکاتے اور گالیاں دیتے رہے، ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ان کی گاڑی کو ٹکر ماری ہے ، اس دوران ہم نے پولیس کو کال کردی تھی جس نے آکر چاروں کو موقع سے ہی گرفتار کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق چاروں ملزمان ضمانت پر رہا ہوگئے ہیں جب کہ اداکارہ نے واقعے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی صورت حال میں تو وہ اس شہر میں نہیں رہنا چاہتیں لیکن گھر والوں کی وجہ سے مجبور ہیں۔


