صدر آصف زرداری کی منظوری سے انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس2024 جاری

صدرمملکت آصف زرداری کی منظوری سے انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس 2024 جاری کر دیا گیا۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آرڈیننس کے تحت بینکوں کے لیے انکم ٹیکس کی اسینڈرڈ شرح 39 سے بڑھا کر 44 فیصد کر دی گئی، حکومت کو قرضے دینے کے بدلے بینکوں کے منافع پر 10 سے 15 فیصد اضافی ٹیکس ختم کردیا گیا۔اس آرڈیننس کے اجرا سے ٹیکس شرح بڑھانے سے وفاقی حکومت کو اضافی ریونیو ملنےکی راہ ہموار ہوگئی، ٹیکس سال 2025 میں 60 ارب روپے سے زائد کا ریونیو ملنے کے امکانات روشن ہوگئے۔انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس 2024 کا اطلاق فوری طور پر کیا گیا ہے، وفاقی کابینہ نے27 دسمبرکو انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دی تھی۔آرڈیننس کے تحت ٹیکس سال 2025 کے لیے بینکوں پراسٹینڈرڈ ٹیکس ریٹ 44 فیصد ہوگا، ٹیکس سال 2026 میں ٹیکس ریٹ کم ہوکر 43 فیصد ہوجائے گا، ٹیکس سال 2027اور اس کے بعد ٹیکس ریٹ مزیدکم ہوکر42 فیصد ہوجائےگا، ٹیکس سال 2026 میں چھوٹی کمپنیوں کے لیے ٹیکس ریٹ 20 فیصد ہوگا، کسی بھی دوسری کمپنی کےلیے ٹیکس ریٹ29 فیصد ہوگا۔واضح رہے کہ 27 دسمبر کو وفاقی کابینہ نے انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس میں ترمیم کی منظوری دے دی تھی۔وزیراعظم آفس کے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ وفاقی کابینہ نے انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس میں ترمیم، کاربن مارکیٹ میں تجارت کے حوالے سے پالیسی گائیڈ لائینز کی منظوری بھی دے دی تھی، انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس کے نفاذ سے بینکوں کے منافع پر بھاری ٹیکس نافذ ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں