حملوں میں کوئی مقامی شہری ملوث نہیں، دہشت گردی کے واقعات کے ذمہ دار ’سرحد پار‘ کے عناصر ہیں، محسن نقوی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتے کے روز وانا کے کیڈٹ کالج کا دورہ کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کے ذمہ دار ’سرحد پار‘ کے عناصر ہیں۔ ٹیلی ویژن پر دکھائی گئی تقریر میں محسن نقوی نے کالج میں جمع قبائلی عمائدین سے کہا کہ پاکستان کے کئی عہدیدار (جن میں وہ خود، نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار اور وزیر دفاع آصف خواجہ شامل ہیں) افغانستان سے دہشت گردی کے مسئلے پر بات کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انہیں بار بار ایک بات بتائی کہ دہشت گردی کو روکا جائے، ہمارے ملک میں امن کو تباہ نہ کریں۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان کے اقتصادی اشاریے اور دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات درست سمت میں جا رہے ہیں، تاہم ’سرحد پار‘ کے عناصر ملک میں حملے کر رہے ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد میں منگل کے روز ہونے والے خودکش دھماکے کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ اس میں بھی سرحد پار کے عناصر ملوث تھے۔ محسن نقوی نے کہا کہ ہمارے مقامی لوگ (یہ حملے کرنے کے) عادی نہیں ہیں، کچھ عرصے سے آپ دیکھ سکتے ہیں کہ کسی بھی حملے میں کوئی مقامی شہری ملوث نہیں رہا۔ وزیر داخلہ کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خیبر پختونخوا فرنٹیئر کور (جنوب) کے انسپکٹر جنرل میجر جنرل مہر عمر خان نے وفاقی وزیر کو کالج میں خوش آمدید کہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں