تربت،گوادر، خضدار، ڈیرہ بگٹی اور سوئی میں گرین اور پنک بس جبکہ کوئٹہ میں پیپلز ٹرین سروس جلد شروع کریںگے، سیکریٹری ٹرانسپورٹ
کوئٹہ (این این آئی ) سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ بلوچستان حیات خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پنک اور گرین بس سروس پروجیکٹ کے 21 نئی بسیں کوئٹہ لائی گئیں ہیں جن میں سے خواتین کے لئے 5 پنک بسیں مختص کی گئیں،جلد ہی پیپلز ٹرین سروس بھی شروع کی جائےگی ۔یہ بات انہوں نے زرعی کالج کوئٹہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ حیات کاکڑ نے کہا کہ گرین بس میں خواتین اور مرد ایک ساتھ سفر کیا کرتے تھے،خواتین کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے پنک بس سروس شروع کی گئی پنک بس سروس بلیلی سے جامعہ بلوچستان سریاب تک چلائی جائیں گی پنک بس میں کرائے وصول کرنے کے لئے خاتون ہوگی، ہماری کوشش ہے کہ پنک بس میں ڈرائیور بھی خاتون ہو۔انہوں نے کہا کہ بسز میں روزانہ 10 ہزار سے زائد مسافر سفر کریں گے گرین اور پنک بس سروس کا روٹ بھی جاری کردیا گیا ہے پنک بس سروس منصوبہ میں توسیع کی جائے گی پنک بس سروس کاروٹ مسافروں کو مدنظر رکھ کرترتیب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تربت،گوادر، خضدار،ڈیرہ بگٹی اور سوئی میں گرین اور پنک بس سروس شروع کی جائےگی بس اسٹاپ پر مرد اور خواتین کے لئے بیٹھنے کے لئے الگ الگ پوائنٹ بنائے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ میں پیپلز ٹرین سروس کا جلد افتتاح ہوگا پیپلز ٹرین سریاب سے کچلاک تک چلائی جائے گی۔


