بلیو اکانومی، سی پیک اور سمندری امور سے متعلق علوم جامعہ گوادر کو ساحلی خطے میں اعلیٰ مقام دلانے میں مدد دیں گے، وائس چانسلر

گوادر (بیورو رپورٹ) جامعہ گوادر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں تعلیمی پیشرفت، مستقبل کی منصوبہ بندی اور ادارے کے اہم اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد، ڈین فیکلٹی سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، رجسٹرار ڈاکٹر دولت خان، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ ڈاکٹر محب اللہ کے علاوہ مختلف شعبہ جات کے چیئرپرسنز نے شرکت کی۔ وائس چانسلر نے جامعہ کی محض چار سالہ قلیل مدت میں حاصل کی گئی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ گوادر خطے کی ضروریات اور عالمی رجحانات کے مطابق بلیو اکانومی، ساحلی ترقیاتی مطالعات، سی پیک، میری ٹائم، میرین اور سمندری امور سے متعلق علوم پر خصوصی توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ شعبہ جات گوادر اور ملحقہ ساحلی علاقوں کی پائیدار ترقی کے لیے نہایت اہم ہیں۔وائس چانسلر نے پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کے تحت پیش کیے جانے والے مختلف اسکل ڈویلپمنٹ کورسز کے آغاز اور پیش رفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں طلبہ کی ملازمت کے مواقع اور عملی مہارتوں میں اضافے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔ اجلاس میں نئے سمسٹر کی کلاسز کے آغاز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں فیکلٹی اور طلبہ کی باقاعدہ حاضری، اور تعلیمی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے بائیومیٹرک حاضری نظام کے مو¿ثر استعمال پر خصوصی زور دیا گیا۔ اجلاس میں شعبہ مینجمنٹ سائنسز کے زیر اہتمام ایم ایس کلاسز کے آغاز، کلاس اسٹرکچر اور شیڈولنگ سے متعلق امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام دوسرے روایتی بزنس گالا 2026 کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور جلد از جلد منعقدکرنے کا فیصلہ ہوا ، جس سے طلبہ کو کاروباری سرگرمیوں، صنعت سے روابط اور عملی تجربات حاصل کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ اجلاس میں جامعہ گوادر کی پہلی کانووکیشن 2026 کی پہلی سہ ماہی میں منعقد کرنے کے منصوبے پر بھی گفتگو کی گئی۔ وائس چانسلر نے متعلقہ کمیٹیوں کو ہدایت کی کہ وہ اس تاریخی تقریب کے انعقاد کے لیے باضابطہ تیاریوں کا آغاز کریں تاکہ یہ اولین اور تاریخی تقریب جامعہ کے تعلیمی وقار کے شایانِ شان انداز میں منعقد کی جا سکے۔ آخر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے تمام انتظامی اور تعلیمی شعبہ جات کے سربراہان پر زور دیا کہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر باہمی ہم آہنگی، عزم اور بروقت عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ واضح تعلیمی وژن، ابھرتے ہوئے شعبہ جات پر توجہ اور معیار کی پاسداری جامعہ گوادر کو ساحلی خطے میں ایک نمایاں اعلیٰ تعلیمی ادارہ بنانے میں مزید مضبوط کردار ادا کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں