اغواء برائے تاوان جیسے واقعات کو روکنا ہوگا، پولیس شاہنواز گل جان کو بحفاظت بازیاب کرائے، آل پارٹیز پنجگور
پنجگور (بیورو رپورٹ) پنجگور آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ایڈووکیٹ علاءالدین منعقد ہوا جس میں بی این پی عوامی، نیشنل پارٹی، بی این پی مینگل، جمعیت علمائے اسلام، پیپلز پارٹی، حق دو تحریک، مسلم لیگ ن، انجمن تاجران کمیٹی، بارڈر بچاﺅ تحریک کے ضلعی سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف ایجنڈوں پر غور کیاگیا خصوصاً کیچ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ شاہنواز گل جان رند کے اغوا اور دیگر بدامنی کے واقعات کیخلاف آل پارٹیز کی طرف سے 18 جنوری کی ریلی سے متعلق صلاح ومشورہ کیاگیا اور متفقہ فیصلہ کیاگیا کہ امن وامان کے مسئلے پر کسی قسم کی مصلحت پسندی نہیں ہوگی۔ بدامنی کے واقعات کیچ میں ہوں یا گوادر یا پنجگور میں اس سے پورے مکران کے عوام متاثر رہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ آج جو واقعات کیچ میں ہورہے ہیں خصوصاً اغوا برائے تاوان اسکی کوئی گارنٹی نہیں ہے کہ یہ کل پنجگور اور گوادر میں نہیں ہونگے اس کے لیے ہم سب کو ایک جان ہوکر اس مذموم اور غلیظ جرم کا راستہ روکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شاہنواز گل جان رند جو تاحال اغواکاروں کی تحویل میں ہے جسکی وجہ سے انکے فیملی سمیت ہر پرامن اور شریف شہری اور کاروباری طبقہ بے یقینی کی کیفیت خوف وہراس اور عدم تحفظ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیچ انتظامیہ پولیس اس افسوسناک واقعہ کی گتھی جلد سلجھائے اور مکران کے تینوں اضلاع پنجگور، کیچ اور گوادر میں جرائم پیشہ عناصر اور اغوا جیسے مذموم فعل کی روک تھام کرکے شاہنواز کو بازیاب کریں۔


