بلوچستان میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی، قلات میں پارہ منفی 8 تک گر گیا، نوکنڈی میں بارش کے بعد موسم انتہائی سرد

قلات، نوکنڈی (نمائندہ انتخاب، رپورٹ وحید بلوچ) قلات میں کڑاکے کی سردی، پارہ منفی 8 تک گر گیا، یخ بستہ ہواﺅں کے باعث نظام زندگی شدید متاثر۔محکمہ موسمیات کے مطابق قلات میں درجہ حرارت منفی آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ آئندہ چند روز تک سردی جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، اس شدید سردی میں بھی حسب معمول قلات میں گزشتہ کئی برسوں سے گیس کی مکمل بندش جاری ہے، مگر اس کے باوجود صارفین کو گیس کی مد میں بھاری بھرکم بل موصول ہو رہے ہیں جو عوام کے لیے کسی ظلم سے کم نہیں شدید سردی میں جب لکڑی، ایل پی جی، کوئلہ اور دیگر متبادل ذرائع بھی مہنگے اور نایاب ہو چکے ہیں، ایسے میں گیس کی عدم فراہمی نے شہریوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ قلات کی سردی کسی آفت سے کم نہیں، جہاں زندگی بچانے کے لیے گیس بنیادی ضرورت بن چکی ہے بزرگ، خواتین اور بچے شدید سردی کے باعث مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں، شہریوں نے اعلی حکام، صوبائی و وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قلات جیسے سرد ترین علاقے میں فوری طور پر گیس کی بحالی کو یقینی بنایا جائے، ناجائز بلوں کا خاتمہ کیا جائے اور عوام کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات دلائی جائے۔ دوسری جانب نوکنڈی اور گردونواح میں بارش سے موسم سرد ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والے گہرے بادلوں کا ایک مضبوط سلسلہ ایران کے راستے ملک میں داخل ہوا ہے، جس کے نتیجے میں نوکنڈی، سیندک، ریکوڈک، مشکیچاہ، دوربن چاہ، کرتاکہ اور گوہ سلطان کے پہاڑی سلسلے میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ضلع چاغی کے مختلف علاقوں جن میں تفتان، نوکنڈی اور دالبندین شامل ہیں چند مقامات پر موسلادھار بارش کے باعث مقامی پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ نوکنڈی شہر اور اطراف کے بیشتر علاقوں میں اتوار سے پیر کے دوران وقفوں کے ساتھ ہلکی سے معتدل بارش جای رہے گی، اس دوران شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے