وادی تیراہ کو فوج کے احکامات پر خالی کرنے کے دعوے بے بنیاد ہیں، وفاقی حکومت
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا کی وادی تیراہ کو مبینہ طور پر فوج کے احکامات پر خالی کرنے کے دعوﺅں کو بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی قرار دیا ہے۔ وزارت اطلاعات و نشریات نے جاری بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے ان گمراہ کن خبروں کا نوٹس لے لیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وادی تیراہ کو فوج کے احکامات پر خالی کروایا جا رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دعوے بے بنیاد، بدنیتی پر مبنی اور مخصوص مقاصد کے تحت کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد عوام میں خوف و ہراس پھیلانا، سیکورٹی اداروں کے خلاف غلط معلومات دینا اور ذاتی و سیاسی مفادات کا حصول ہے۔ وفاقی حکومت یا مسلح افواج کی جانب سے وادی تیراہ کو خالی کروانے کا کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا۔ وزارت اطلاعات و نشریات نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے معمول کے مطابق صرف دہشت گرد عناصر کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہیں اور اس دوران پرامن شہریوں کی زندگی کے متاثر نہ ہونے کا مکمل خیال رکھا جاتا ہے۔ ان کارروائیوں کے لیے کسی قسم کی آبادی کی منتقلی یا ہجرت کی نہ ضرورت ہے اور نہ ہی ایسا کچھ کیا جا رہا ہے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ وادی تیراہ میں مقامی آبادی شدت پسندوں کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کر رہی ہے اور تیراہ میں امن و استحکام چاہتی ہے۔


