کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات، الیکشن کمشنر بلوچستان میں حلقہ بندیوں سے متعلق دو روزہ تربیتی سیشن
کوئٹہ (ویب ڈیسک) صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان کوئٹہ میں آئندہ کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات 2026ءکے تناظر میں حلقہ بندیوں سے متعلق دو روزہ تربیتی سیشن منعقد کیا گیا، جس کی صدارت جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان سید وسیم احمد جعفری نے کی۔ تربیتی سیشن میں کوئٹہ، لورالائی اور ژوب سے تعلق رکھنے والے حلقہ بندی کمیٹی اور حلقہ بندی اتھارٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اس موقع پر جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان سید وسیم احمد جعفری نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان آئین و قانون کے مطابق آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ حلقہ بندی کے عمل کو انتخابی شفافیت کی بنیاد قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ وہ حلقہ بندیوں سمیت انتخابی عمل کے تمام مراحل میں غیرجانبداری، شفافیت اور قانون کی مکمل پاسداری کو یقینی بنائیں۔ تربیتی سیشن میں شرکاءکو ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ الیکشن فصیح الدین اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر مستونگ سید احسان اللہ شاہ نے حلقہ بندی کے متعلق قانونی پہلوﺅں، طریقہ کار اور عملی امور پر تفصیلی تربیت فراہم کیں۔ اس سیشن کا مقصد مستقبل میں کنٹونمنٹ بورڈ کے ہونیوالے انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کے عمل کو مو¿ثر، شفاف اور یکساں بنانا تھا۔


