خطے میں گشیدگی ، ایران سے مزید 13 پاکستانی طلبہ و طالبات تفتان پہنچ گئے
نوکنڈی (نامہ نگار) ایران میں جاری امریکہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے باعث پاکستانی طلبہ کے باحفاظت انخلاء کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ایران سے مزید 13 پاکستانی طلبہ و طالبات تفتان بارڈر کے ذریعے پاکستان پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق تفتان امیگریشن گیٹ پر پہنچنے والے طلبہ و طالبات کو مقامی انتظامیہ نے فوری طور پر پاکستان ہاؤس منتقل کر دیا، جہاں انہیں قیام و طعام سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ایران سے آنے والے یہ طلبہ مختلف جامعات میں زیرِ تعلیم تھے۔طلبہ و طالبات نے اپنی سفری روداد بیان کرتے ہوئے بتایا کہ مشکل حالات کے باوجود پاکستانی قونصلیٹ سے رابطے کے بعد انہیں محفوظ طریقے سے تفتان پہنچایا گیا۔ انہوں نے پاکستانی حکام اور مقامی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں پہنچنے کے بعد انہیں مفت رہائش اور کھانے پینے کی سہولیات فراہم کی گئیں۔مقامی انتظامیہ کے مطابق تمام طلبہ و طالبات کو سخت سکیورٹی انتظامات کے تحت علی الصبح کوئٹہ منتقل کیا جائے گا، جہاں سے انہیں مزید اپنے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیا جائے گا۔


