گلستان قبائلی تنازعہ کے باعث 2 افراد جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوگئے، ڈی سی قلعہ عبدا للہ
کوئٹہ (آن لائن) ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں دو قبائل سیگی اور شمشوزئی کے درمیان پرانے تنازعے اور قبائلی دشمنی کے باعث گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ چھ افراد زخمی ہوگئے۔ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ منور حسین مگسی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے صورتحال پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے۔ انہوں نے شمشوزئی قبیلے کے سربراہ حاجی حسیب شمشوزئی، سیگی قوم کے کمانڈر حاجی عبدالروف خان ترین اور قبائلی رہنما حاجی محمد عمر ترین سے رابطہ کرکے دونوں قبائل کے درمیان جنگ بندی کے لیے مذاکرات شروع کر دیے۔ تاہم کشیدگی کے باعث جانی نقصان کو بروقت روکا نہ جا سکا۔فائرنگ کے نتیجے میں سیگی قوم کے دو افراد، حاجی طاہر خان اور علی محمد جاں بحق ہوگئے، جبکہ روح اللہ، حدایت اللہ، عبدالباقی اور سلیمان زخمی ہوئے، جنہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ جاں بحق افراد میں قبائلی رہنما حاجی محمد عمر ترین کے بھائی طاہر ترین بھی شامل ہیں۔دوسری جانب شمشوزئی قبیلے کے ولی محمد اور ضیا الدین بھی زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال داخل کر دیا گیا۔ ابتدائی طور پر کشیدگی کے باعث زخمی افراد کو بروقت نہیں اٹھایا جا سکا، تاہم ڈپٹی کمشنر منور حسین مگسی کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر کے علاج معالجہ فراہم کرنا شروع کر دیا۔ادھر ڈی پی او قلعہ عبداللہ اطہر رشید کی ہدایت پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور دونوں فریقین کے درمیان پوزیشن سنبھال کر مزید تصادم کو روک دیا۔ پولیس اور انتظامیہ کی بروقت مداخلت کے بعد فائرنگ کا سلسلہ بند ہو گیا ہے۔عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور قبائلی عمائدین سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری اور مثر کردار ادا کرتے ہوئے اس خونریز دشمنی کے خاتمے کو یقینی بنائیں تاکہ علاقے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔


