بلوچستان ،عید کے 3 دنوں میں شاہراہوں پر 514 ٹریفک حادثات، 2 افراد جاں بحق، 749 زخمی

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان کی قومی شاہراہوں پر عید کے 3 روز کے دوران 514 حاد ثات کے دوران 2 افراد جاں بحق اور 749 زخمی ہوئے تفصیلات کے مطابق میڈیکل ایمرجنسی رسپانس سینٹر بلوچستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق عید الفطر کے تین روزکے دوران بلوچستان کی قومی شاہراہوں پر چھوٹے بڑے 514 حادثات رونما ہوئے جن میں 2 افراد جاں بحق اور 749 زخمی ہوئے ۔ صوبے کی مصروف ترین قومی شاہراہ این 25 لکپاس ، قلات، خضدار، لسبیلہ، وندر کے مقامات پر سب سے زیادہ 180 حادثات ہوئے جن میں 2 افراد وندر میںجاں بحق جبکہ 300 افراد زخمی ہوئے اس کے علاوہ قومی شاہراہ این 50 زیارت کراس قلعہ سیف اللہ، ژوب اور شیرانی کے علاقوں میں 231 حادثات کے دوران 294 افراد زخمی ہوئے۔ جبکہ ژوب میں 182 حادثات ہوئے۔ اس کے علاوہ مکران کوسٹل ہائی وے این 10 پھور، رسملان، اورماڑہ، پسنی اور نلینٹ کے علاقوں میں 14 حادثات کے دوران 24 افراد زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ شاہراہ این 65 پر 30 حادثات میں 47 افراداور شاہراہ این 85 پر 13 حادثات میں 21 افراد، موٹروے ایم8 پر 7 حادثات میں 8 افراد اور شاہراہ این 86 ،این 70 اور این 40 پر 27 حادثات کے دوران 35 افراد زخمی ہوئے۔ نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جنہیں طبی امداد فراہم کی گئیں۔ عید الفطر کے تین روز کے دوران بلوچستان کی قومی ، بین الاقوامی اور بین الصوبائی شاہراہوں پر 514 حادثات میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 749 زخمیوں کو مختلف میڈیکل ایمرجنسی رسپانس سینٹرز مرک 1122 میں طبی امداد فراہم کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں