واشک کے علاقے رازک میں مبینہ طور پر پوست کی کاشت کے حوالے سے فوری نوٹس لیا جائے، نوجوان کمیٹی
ویب ڈیسک: نوجوان کمیٹی واشک نے ایک جاری بیان میں کہاہے کہ ہم اعلیٰ حکام سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ ضلع واشک کے علاقے رازک میں مبینہ طور پر تریاق کی کاشت کے حوالے سے فوری نوٹس لیا جائے۔افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ضلع واشک، جو ترقی، امن اور خوشحالی کی راہ پر آگے بڑھنا چاہیے تھا، وہاں بعض علاقوں میں منشیات جیسی خطرناک سرگرمیوں کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق واشک کے علاقے رازک میں کچھ عرصے سے مبینہ تریاق کی کاشت تیزی سے جاری ہے اور اس فصل کو دیگر علاقوں میں بھی منتقل کیا جا رہا ہے اگر یہ اطلاعات درست ہیں تو یہ نہایت تشویشناک امر ہے، کیونکہ منشیات کی کاشت اور اس کا پھیلاو ہمارے علاقے کے امن، نوجوان نسل کے مستقبل اور معاشرتی ماحول کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔ہم سمجھتے ہیں کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو آنے والے دنوں میں نوجوان نسل نشے جیسی لعنت میں مبتلا ہو سکتی ہے، جس کے منفی اثرات پورے معاشرے پر مرتب ہوں گے۔لہٰذا ہم متعلقہ انتظامیہ، کمشنر رخشان ڈویڑن، ڈپٹی کمشنر واشک اور ڈی ایس پی واشک سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس معاملے کی فوری، غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کی جائیں، اور اگر کوئی فرد یا اہلکار ملوث پایا جائے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔منشیات کے خلاف آواز اٹھانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے تاکہ ہمارے علاقے میں امن قائم رہے، نوجوان نسل محفوظ رہے، اور معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔


