پانی ہماری ریڈلائن ہے، بھارت کی پاکستان کا پانی روکنے کی کوئی بھی کوشش جنگی اقدام تصور ہوگی، وزیراعظم

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ پانی ہماری ریڈلائن ہے اور پاکستان کا پانی روکنے کی کوئی بھی کوشش جنگی اقدام تصور ہوگی۔پاکستان اور مالدیپ کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب ہوئی جس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر ڈاکٹرمعیزو موجود تھے۔ دونوں ملکوں کے تعلقات مختلف شعبوں میں مضبوط ہوئے، اقتصادی تعاون، تجارت، دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پرتبادلہ خیال ہوا، مالدیپ کے طلبہ کی بڑی تعداد پاکستانی اداروں میں زیر تعلیم ہے۔ پاکستانی ڈاکٹرز اور معاون طبی عملہ مالدیپ میں انسانیت کی خدمات کررہاہے، برادرملک کی حیثیت سے مالدیپ کی مزیدضروریات کوبھی پوراکرکے خوشی ہوگی۔ مالدیپ مسئلہ فلسطین کی مکمل حمایت کرتا ہے، پاکستان آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کیلئے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھے گا۔ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کا بھارتی فیصلہ ناقابل قبول ہے، عالمی سطح پر تسلیم شدہ معاہدوں پر عملدرآمد تمام ملکوں کی ذمہ داری ہے، پاکستان کا واضح موقف ہے کہ پانی ہماری ریڈلائن ہے، پاکستان کا پانی روکنے کی کوئی بھی کوشش جنگی اقدام تصور ہوگی۔اس موقع پر مالدیپ کے صدر ڈاکٹرمعیزو نے کہا کہ دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات کے 60 سال باہمی تعاون پر مبنی ہیں، تعلیم، صحت تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کوبڑھائیں گے۔ پاکستان، مالدیپ بزنس فورم میں تجارتی واقتصادی تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی، یوتھ ایکسچینج پروگرام کے تحت وفود کے تبادلوں کو وسعت دیں گے، اے آئی، ڈیجیٹائزیشن سمیت جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ وقت کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے