دبئی میں حفاظتی اقدامات کے تحت گرجا گھروں کو بند کردیا گیا، تمام عبادات منسوخ کردی گئیں، گلف نیوز
دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) دبئی میں مختلف گرجا گھروں نے 3 اپریل سے عوامی عبادات کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات کے مطابق کیا گیا ہے تاکہ عوامی صحت اور کمیونٹی کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ گلف نیوز کے مطابق شہر بھر میں مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے گرجا گھروں نے فوری طور پر ان ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنی سرگرمیوں کو آن لائن منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔ عبادت گزاروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فی الحال گرجا گھروں کا رخ نہ کریں اور گھروں سے ہی عبادات میں حصہ لیں۔ اوڈ میتھا میں واقع سینٹ میری کیتھولک چرچ نے اعلان کیا ہے کہ 3 اپریل سے چرچ کو مکمل طور پر بند رکھا جائے گا۔ گڈ فرائیڈے کی شام 6 بجے ہونے والی عبادت کو چرچ کے یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر کیا جائے گا تاکہ لوگ گھروں سے شریک ہو سکیں۔ اسی طرح جبل علی میں واقع سینٹ فرانسس آف اسیسی کیتھولک چرچ نے بھی تمام عبادات فوری طور پر منسوخ کر دی ہیں، تاہم آن لائن نشریات کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ چرچ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام کمیونٹی کے تحفظ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔


