بسیمہ میں 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ کے باوجود بجلی کے بھاری بھر کم بل بھیجنا غریب طبقے سے زیادتی ہے، عوامی حلقے

بسیمہ (نمائندہ خصوصی) بسیمہ میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کی بدترین کارکردگی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ بیس گھنٹے کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے معمولات زندگی مفلوج کرکے رکھ دیے ہیں، جبکہ شدید گرمی میں بجلی سے محرومی کسی عذاب سے کم نہیں۔ اس کے برعکس صارفین پر بھاری بھرکم اور جعلی نوعیت کے بل مسلط کیے جا رہے ہیں، جنہیں لاسز اور مختلف بہانوں کے نام پر وصول کیا جا رہا ہے۔ عوامی حلقوں نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاجواز ٹرپل بل بھیجنا کھلی زیادتی اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ غریب صارفین کو جان بوجھ کر معاشی دباو¿ میں لایا جا رہا ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ مزید برآں یہ سنگین انکشاف سامنے آیا ہے کہ غیر قانونی زرعی ٹیوب ویلوں کے باعث پیدا ہونے والے لائن لاسز کو بدنیتی سے عام صارفین پر ڈال دیا جاتا ہے، جبکہ بااثر افراد کو خفیہ طور پر کنکشنز فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ایک طرف زرعی ٹیوب ویلوں کو کاغذوں میں مین لائن سے منقطع ظاہر کیا جاتا ہے، تو دوسری طرف انہیں غیر قانونی طور پر بجلی فراہم کی جا رہی ہے، جو کھلی بدعنوانی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ بسیمہ سب ڈویڑن کے بعض افسران اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غریب صارفین کو ہزاروں روپے کے اضافی بل بھیج رہے ہیں، جو سراسر ظلم اور استحصال ہے۔ اس صورتحال نے عوام میں شدید غم و غصہ اور بے چینی پیدا کر دی ہے۔ اہلِ علاقہ نے حکومت اور اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فوری طور پر لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ، غیر قانونی ٹیوب ویل کنکشنز کے خلاف سخت کارروائی، اور ناجائز بلنگ بند نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے سخت عوامی ردعمل سامنے آئے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری کیسکو حکام پر عائد ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں