امریکا مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد منجمد اثاثوں کا 50 فیصد بھی فوری جاری کرے، ایران

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے نائب وزیر خارجہ اور جوہری مذاکراتی ٹیم کے رکن کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ایران اس بات پر زور دیتا ہے کہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے فوری بعد اس کے منجمد اثاثوں کا 50 فیصد جاری کیا جائے۔ ایرانی خبر رساں ادارے مہر سے گفتگو کرتے ہوئے غریب آبادی کا کہنا تھا کہ باقی ماندہ اثاثے بھی ایک معقول مدت کے اندر ایران کے حوالے کیے جانے چاہییں، جو ان کے بقول ایک یا دو ماہ سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے منجمد اثاثوں کی رہائی امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات میں اہم اور کلیدی موضوعات میں شامل ہے۔ ان کے مطابق کس مرحلے پر کتنی رقم جاری کی جائے، یہ معاملہ مذاکرات کے ذریعے طے ہوسکتا ہے۔ ادھر امریکا پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ کسی ممکنہ معاہدے کے ابتدائی مرحلے میں ایران کو کوئی رقم فراہم نہیں کی جائے گی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس حوالے سے کہا تھا کہ اگر وہ ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ کریں گے تو وہ بہتر معاہدہ ہو گا اور اس میں ایران کو ویسے بڑی مقدار میں نقد رقم نہیں دی جائے گی جیسا کہ ان کے بقول سابق صدر باراک اوباما کے دور میں جوہری معاہدے کے تحت ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں