خلیج عمان اور آبنائے ہرمز کے اطراف بھارتی جہازوں پر تیسرا حملہ، نئی دہلی نے امریکی ناظم الامور کو طلب کرلیا، شدید احتجاج
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) خلیج عمان اور آبنائے ہرمز کے اطراف تجارتی جہازوں پر حملوں کے بڑھتے واقعات کے بعد بھارت نے نئی دہلی میں امریکی ناظم الامور جیسن میکس کو دوسری بار طلب کرلیا ہے۔ 10 جون کو حملے میں تین بھارتی ملاحوں کی ہلاکت کے بعد جمعرات کی رات ایک اور جہاز پر حملہ ہوا، جس پر بھارتی عملہ سوار تھا۔ بھارتی ٹی وی انڈیا ٹو ڈے کے مطابق بھارت نے جمعے کو امریکی ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کیا اور خلیجی پانیوں میں تجارتی جہازوں کو درپیش خطرات پر تشویش کا اظہار کیا۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صرف چار روز کے دوران بھارتی عملے کے حامل تین مختلف تجارتی جہاز حملوں کی زد میں آ چکے ہیں۔ تازہ ترین واقعہ جمعرات کی رات پیش آیا، جب ’ایم وی جال ویر‘ نامی ٹینکر پر عمان کی شیناس بندرگاہ کے قریب حملہ کیا گیا۔ گنی بساو¿ کے پرچم تلے چلنے والے اس جہاز کے عملے میں 20 بھارتی شامل تھے۔


