جیو کے دفتر پر حملے کے کیس میں گرفتار 13ملزمان کو جیل بھیج دیا گیا
کراچی: انسداد دہشتگردی کی عدالت نے جیو اور جنگ کے دفتر پر حملے کے کیس میں گرفتار 13 ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
جیو اور جنگ کے دفتر پر حملہ کیس کی سماعت پر پولیس نے گرفتار 13 ملزمان کو انسداد دہشتگردی عدالت کے منتظم جج کے روبرو پیش کیا۔
دوران سماعت تفتیشی افسرکا کہناتھا کہ مفرور ملزمان کو گرفتار کرنا ہے، ملزمان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
تفتیشی افسرکے مطابق گزشتہ روز جیو نیوز کے دفتر کے باہر مظاہرین نے ہنگامہ آرائی کی تھی اور مظاہرین کو اشتعال دلانے والا نامزد ملزم مشتاق سرکی مفرور ہے۔
عدالت نے پولیس کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کو مسترد کردیا اور تمام ملزمان کو 7 مارچ تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جب کہ عدالت نے کیس کے تفتیشی افسر کو چالان پیش کرنے کی ہدایت کی۔
واضح رہےکہ ملزمان کے خلاف میٹھا در تھانے میں انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے، مقدمے میں دھمکیاں دینے، املاک کو نقصان پہنچانے، اقدام قتل اور ہنگامہ آرائی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔


