پنجاب کی راہداری نہ ملنے پر ڈیرہ بگٹی کا مریض جانبحق
ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیرکوہ سے تعلق رکھنے والے یار خان بگٹی کو طبیعت زیادہ خراب ہونے پر پنجاب ریفر کیا گیا، مگر انتظامیہ کی جانب سے راہداری نہ ملنے کے باعث وہ جانبحق ہوگئے۔ذرائع کے مطابق یار خان اپینڈکس کا مریض تھا، جنہیں ڈیرہ بگٹی میں عدم سہولیات کے باعث پنجاب ریفر کیا گیا، لیکن مقامی لیویز نے چیک پوسٹ پر اجازت نامہ لینے کیلئے انہیں روک دیا۔متوفی کے بھائی کو سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں یہ کہتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ انکے بھائی کو سول ہسپتال میں علاج کی غرض سے لیجایا گیا، جہاں انہوں نے مریض کو پنجاب ریفر کیا۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ مریض کے ہمراہ جب ہم سوئی پہنچے تو لیویز چیک پوسٹ پر ہمیں یہ کہہ کر روکا گیا کہ اسسٹنٹ کمشنر کے اجازت نامے کے بغیر آپ کو آگے جانے نہیں دیا جاسکتا ہے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ چیک پوسٹ پر آٹھ گھنٹے ہمیں روکا گیا جہاں مریض تڑپ کر موت کے منہ میں چلا گیا۔