قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی،پی ٹی آئی کے رکن نے معذرت کرلی
اسلام آباد:قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اور ہاتھا پائی میں ملوث تین اراکین میں سے ایک نے معذرت کرلی جبکہ اپوزیشن کے اراکین نے اب تک شوکاز نوٹس کا جواب دینا بھی گوارہ نہ کیا۔پارلیمانی ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے چار فروری کو قومی اسمبلی اجلاس کے دوران ہونے والے ہنگامے، ہاتھا پائی اور مار پیٹ کے واقعہ کی تحقیقات کے بعد تین اراکین نوید قمر،حامد حمید اور عطاء اللہ خان کو قومی اسمبلی کے قاعدہ 21کے تحت شوکاز نوٹس جاری کئے تھے۔ جس میں ان سے 15فروری تک جواب مانگا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے عطاء اللہ خان نے شوکاز نوٹس کا جواب دے دیا ہے اور معذرت کی ہے اور یقین دلایا ہے کہ وہ آئندہ اس حوالے سے محتاط رہیں گے تاہم دوسری جانب پیپلز پارٹی کے نوید قمر اور(ن) لیگ کے حامد حمید نے شوکاز نوٹس کا جواب دینا بھی گوارا نہیں کیا بلکہ دونوں اراکین قومی اسمبلی کے رواں اجلاس میں شرکت بھی کررہے ہیں اور سپیکر نے ان سے ابھی تک جواب نہ دینے پر دریافت بھی نہیں کیا کہ انہوں نے شوکاز نوٹس کاجواب کیوں نہیں دیا۔ذرائع کے مطابق قاعدہ 21کے تحت اگران اراکین کی وضاحت سپیکر مسترد کردیں تو پھر تینوں کی رکنیت معطل ہوسکتی ہے اپوزیشن اراکین سپیکر کی جانب سے شوکاز نوٹس پر ابھی تک خاموش ہیں۔(صدیق ساجد)#/s#


