ایچ ای سی نے بلوچستان کے لئے ملکی و غیرملکی وظائف کا اعلان کر دیا

ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)، پاکستان نے بلوچستان کے طلبہ سے ملکی اور غیرملکی اداروں میں حصول تعلیم کے سلسلے میں ایل ایل بی، ایل ایل ایم اور پی ایچ ڈی وظائف کے لئے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ انڈیجنس ایل ایل بی (5 سال)، انڈیجنس ایل ایل ایم، فارن ایل ایل ایم اور فارن پی ایچ ڈی میں حصول تعلیم کے لئے بلوچستان کے ڈومیسائل یا لوکل سرٹیفکیٹ کے حامل طلبہ وظائف کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔ متعلقہ کیٹیگری کے لئے اہلیت کے مطلوبہ معیار پر پورا اترنے والے طلبہ ایچ ای سی کی آن لائن پورٹل hec.gov.pk کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔امیدواروں کے لئے ضروری ہو گا کہ انہوں نے رجحان ٹیسٹ مین 50 فیصد مارکس (مجموعی ٹیسٹ سکور) حاصل کئے ہوں۔ زیادہ سے زیادہ عمر کی حد ایل ایل بی کے لئے 25 سال، ایل ایل ایم کے لئے 30 سال اور پی ایچ ڈی کے لئے 35 سال ہے۔ایل ایل بی کی تعلیم کے لئے امیدواروں نے بارہ سالہ تعلیم انٹرمیڈیٹ یا مساوی امتحان میں کم ازکم پچاس فیصد مارکس کے ساتھ مکمل کر رکھی ہو۔ ایل ایل ایم او رپی ایچ ڈی کے لئے لازمی ہو گا کہ امیدواروں نے ایچ ای سی کے تسلیم شدہ ڈگری جاری کرنے والے اداروں سے بالترتیب ایل ایل بی اور ایل ایل ایم مکمل کر رکھا ہو اور بیچلر ڈگری میں کم ازکم پچاس فیصد مارکس حاصل کئے ہوں۔

پچاس سے بیس فیصد تک وظائف اگست 2016 میں کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے سے متاثرہ خاندانوں کے بچوں کے لئے مخصوص ہیں۔ جو امیدوار پہلے سے ملازمت کر رہے ہیں ان کا قانون کے متعلقہ شعبے سے ہونا ضروری ہو گا۔ انہیں این او سی فراہم کرنا ہو گا اور اپنے متعلقہ ادارے سے تدریسی رخصت لینا ہو گا۔ غیرملکی وظائف کے امیدواروں کو اپنے انتخاب کے بعد کیو ایس رینکنگ کے مطابق چوٹی کی 500 یونیورسٹیوں میں داخلے کے لیٹر فراہم کرنا ہوں گے۔ ان وظائف سے مستفید ہونے کے خواہشمند طلبہ مزید تفصیلات کے لئے یہ ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں

ایچ ای سی نے بلوچستان کے لئے ملکی و غیرملکی وظائف کا اعلان کر دیا” ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں