کورونا: بلوچستان میں زرعی اجناس کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے،نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی

کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے اثرات سے بلوچستان میں زرعی اجناس کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے،صوبے کے زراعت پیشہ لوگ زرعی بحران کی جانب توجہ دیں۔جمعرات کے روز اپنے جاری ایک ویڈیو پیغام میں نوابزادہ حاجی میرلشکری خان رئیسانی نے مزید کہا ہے کہ کورونا وائرس سے دنیا اقتصادی بحران کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے اور پوری دنیا میں زرعی اجناس کی قلت پید اہونے کے خدشات سامنے آرہے ہیں اور لگ رہا ہے کہ سرمایہ دارانہ نظام کے ناکام ہونے کے بعد دنیا واپس ایک روایتی اقتصادی نظام کی جانب بڑھے گی جہاں زراعت کواہم حیثیت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں شعبہ زراعت سے وابستہ لوگوں کو دنیا کے حالات پر نظر رکھتے ہوئے زرعی بحران پر قابو پانے کیلئے قبل ازوقت پیش بندی کرنی چائیے، انہوں نے زمینداروں کو پیغام دیا ہے کہ انہیں جدید زراعت کی طرف توجہ دینی چائیے اور وہ فصلیں کاشت کی جائیں جنہیں ذخیرہ کیا جاسکے تاکہ ممکنہ زرعی بحران پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے نواجوان اور طلبہ کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کورنا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے اور اس سے محفوظ رہنے کیلئے گھروں میں بیٹھ کر اپنا رشتہ کتابوں سے جوڑے رکھیں اوراپنی دینی اور دنیاوی علمی صلاحیتوں میں اضافہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی وباء کے نتیجے میں نہ صرف دنیا ایک بہت بڑے بحران سے گزررہی ہے بلکہ پسماندگی میں بھی روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے ایسے میں ہمیں چائیے کہ ہم دنیا کے حالات پر نظر رکھتے ہوئے اپنی علمی استعدداد میں اضافہ کرنے کیلئے انٹرنیٹ اور دیگر ذرائع سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے اساتذہ اوردیگراہل علم سے رابطہ میں رہیں کیونکہ عالمی وباء سے باہر نکل کر جس نئی دنیا میں ہم قدم رکھین گے وہاں علم،کتاب اور تعلیم سے منسلک لوگوں کاہی راج ہوگا

اپنا تبصرہ بھیجیں