سینیٹ میں لگے کیمرے انتخابات کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہیں،حافظ حمد اللہ

کوئٹہ: جمعیت علمااسلام کے مرکزی رہنما ء و معاون ترجمان پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ مولاناحافظ حمداللہ نے کہاہے کہ دھاندلی زدہ حکومت نے دھاندلی کے تمام ریکارڈز توڑ دیئے، سینیٹ ہال میں لگے کیمرے انتخابات کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے انتخابی نتائج کو بزور طاقت بدلنا جمہوری اصولوں کے منافی اور بدترین آمریت سے بھی بدتر عمل ہیں چیئرمین و ڈپٹی سینیٹ کے الیکشن سے قبل حکومتی عہدیداروں کے بیانات اور دھمکیاں آن د ریکارڈ موجود ہیں قابض حکمران اقتدار کے نشے میں مست ہو کر اتنے بھی آگے نہ جائیں کہ کل واپسی ممکن نہ ہو۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز جامعتہ العلوم اقرافاونڈیشن سکول چمن میں منعقدہ دستارفضیلت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے جمعیت علمااسلام تحصیل چمن کے امیرمولوی عبدالخالق خادم مولوی عبدالرحمن صمیم قاری محمد اسلم علم یار اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔ مولانا حافظ حمداللہ نے کہاکہ حکمران اپنے کرتوتوں پر شرمانے اور نادم ہونے کی بجائے سینہ تان کے اپنی کرتوتوں کا دفاع کررہے ہیں جھوٹ دھوکہ اور فراڈ میں موجودہ حکومت کی کوئی ثانی نہیں سینٹ میں اقلیت کو اکثریت پر مسلط کرنا زیادتی ہے انہوں نے کہاکہ چمن پاک افغان بارڈر پر غریب محنت کشوں کو بارڈر سکیورٹی کے نام پر تنگ کرنا غریب عوام کا معاشی قتل عام ہے علاقے کے عوام بچوں کی دو وقت کی روٹی بارڈر پر محنت مزدوری کرکے حاصل کرتے ہیں بے حس حکمران عوام کو روزگار دینے کی بجائے اپنی محنت سے کمانے کے مواقع بھی چھین رہی ہیں انہوں نے کہاکہ حکومت مقامی افراد کے کاروبار کو تباہ کرنے کی پالیسی ترک کر دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں