روس ،آگ لگنے کے باوجود سرجن نے دل کی سرجری جاری رکھی
روس کے ایک سرجن نے ہسپتال میں لگنے والی آگ کے باوجود آپریشن تھیئٹر میں سرجری جاری رکھی۔ سرجن ایک مریض کی اوپن ہارٹ سرجری کر رہے تھے اور ان کی پوری ٹیم آگ کی دہشت سے گبھرائی نہیں۔
روس کے انتہائی مشرق میں واقع زار دور کے عہد میں تعمیر کیے گئے ایک تاریخی ہسپتال میں جب اچانک آگ لگی تو اس وقت ایک آپریشن تھیئٹر میں اس علاقے کے ممتاز اور ماہر ہارٹ سرجن ڈاکٹر والینتین فیلاٹوف ایک مریض کا سینہ کھول کر اس کی اوپن ہارٹ سرجری میں مصروف تھے۔
سرجن کو اس دوران معاونین نے بتایا بھی کہ اسپتال کی اوپری منزل میں آگ لگ چکی ہے لیکن وہ اپنے کام میں مصروف رہے۔ بلاگوویشچینسک شہر کے جس اسپتال میں آگ لگی تھی، وہ سن 1907میں تعمیر کیا گیا تھا اور اس وقت روس پر زار بادشاہت قاہم تھی۔
آگ پر دو گھنٹے سے زائد وقت میں فائر بریگیڈز نے قابو پایا۔ اس دوران پنکھوں کی مدد سے دھوئیں کو آپریشن تھیئٹر سے دور رکھنے کی کوششیں بھی جاری رہیں۔ یہ بھی اہم ہے کہ آگ لگنے کے باوجود ہسپتال کے الیکٹریکل اسٹاف نے بھی آپریشن تھیئٹر تک بجلی کی سپلائی کسی نہ کسی طریقے سے بحال رکھی۔ بجلی کی سپلائی کے برقرار رہنے سے ڈاکٹر والینتین فیلاٹوف اوپن ہارٹ سرجری مکمکل کرنے میں کامیاب رہے۔
ہسپتال میں آتشزدگی کے دوران کی جانے والی اوپن ہارٹ سرجری میں مجموعی طور پر آٹھ ڈاکٹر شامل تھے اور نرسنگ اسٹاف ان کے علاوہ تھا۔ اس ٹیم کے سربراہ ماہر سرجن ڈاکٹر والینتین فیلاٹوف تھے۔ اس ٹیم نے آپریشن دو گھنٹے میں مکمل کیا اور اس کے بعد مریض کو ایک محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
چارادویات کا مجموعہ ’Polypill‘ دل کے مریضوں کے لیے مفید
یہ دل کی بائی پاس سرجری تھی۔ اس کامیاب آپریشن کی تصدیق آمور علاقے کی ایمرجنسی محکمے نے بھی کی ہے۔ آپریشن کے دوران ایک سو اٹھائیس مریضوں کو محفوظ انداز میں کسی اور مقام پر منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹر والینتین فیلاٹوف کے اس کامیاب آپریشن پر روسی میڈیا نے ان کی بھرپور انداز میں تعریف کی۔ انہوں نے ایک مقامی ٹیلی وژن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اس بڑھ کر کیا ہو گا کہ ایک انسان کی جان بچا لی گئی اور ایسے میں یہی ایک بہترین کام تھا جو ان کی ٹیم نے سرانجام دیا۔
نرسنگ عملے میں شامل ایک نرس کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران ڈاکٹر والینتین فیلاٹوف کی ٹیم اور دیگر افراد میں کسی قسم کی گھبراہٹ پیدا نہیں ہوئی اور اطمینان کے ساتھ آپریشن مکمل کیا گیا۔
ڈاکٹر والینتین فیلاٹوف اسپتال کے کارڈیو سرجری کے شعبے کے سربراہ ہیں۔


