صوبائی حکومت 25فیصداضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرے،عمیر محمدحسنی
کوئٹہ:)سیاسی و قبائلی رہنما سردارزادہ میر محمدعمیر محمدحسنی نے بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈ الائنس کے احتجاجی دھرنے کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت فوری طور پرسرکاری ملازمین کے جائز مطالبات حل اور تنخواہوں میں 25فیصداضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سردارزادہ محمد عمیرمحمد حسنی نے کہا کہ مہنگائی میں بے تحاشہ اضافے نے غریب اور سرکاری ملازمین کی کمر توڑ کررکھ دی ہے وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے احتجاج کے بعد تنخواہوں میں 25فیصداضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جس پر سندھ،پنجاب،خیبر پختونخوا نے فوری عملدرآمد کیا لیکن بلوچستان حکومت کی جانب سے ملازمین کی تنخواہوں میں تاحال 25فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا جس پر ملازمین نے مجبور ہوکر ہاکی چوک پر دھرنا دے رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ صوبائی حکومت موجودہ مہنگائی کو دیکھتے ہوئے فوری طورپرملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرتی تاکہ ملازمین کو احتجاج کرنے کی ضرورت نہ پڑتی لیکن حکومت ملازمین کی تنخواہوں میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔ سردارزادہ عمیر محمدحسنی نے بلوچستان ایمپلائز اینڈورکرز گرینڈ الائنس کے احتجاجی دھرنے کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔


