سلیکٹڈ نااہل اور ناکام حکومت عوام دشمن اقدامات سے گریز کرے،نصراللہ زیرے

کوئٹہ : پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ورکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خا ن زیر ے نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ نااہل اور ناکام حکومت عوام دشمن اقدامات سے گریز کرے، ایک ہفتے سے صوبے کے ملازمین احتجاجی دھرنے پر بیٹھے ہیں لیکن حکومت ٹھس سے مس نہیں ہورہی، اپوزیشن حلقوں میں مداخلت کا سلسلہ اب بھی جاری ہے، من پسند ایجنٹوں کو نوازنے کیلئے عوامی خزانے سے رقوم کا ضیاع کیا جارہا ہے،اپوزیشن کو دینے کیلئے ترقیاتی اسکیمات نہیں ہیں لیکن غیر منتخب لوگوں کو کرپشن وکمیشن کیلئے خطیر رقم دی جارہی ہے۔ پشتونخوامیپ کے کارکن اپنے تنظیمی فعالیت کو دوبالا کرتے ہوئے ہر قسم کی جدوجہد کیلئے تیار رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے پارٹی سریاب علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام کلی شموزئی میں عبدالقیوم خان اور سلطان محمد خان کی قیادت میں 20سیاسی کارکنوں کی پشتونخوامیپ میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ اجتماع، بڑیچ آباد میں حاجی عبدالرشید کی رہائش گاہ پر اولسی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے علاقائی سیکرٹری عبدالعلی اچکزئی، حاجی ارسلاں خان ترہ کئی، عبید اللہ توخئی، عبدالقیوم اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے پشتونخوامیپ سریاب علاقائی ایگزیکٹو او رتختانی بائی پاس علاقائی ایگزیکٹوز کے منعقدہ اجلاسوں میں شرکت کی۔ اور پارٹی فعالیت پروگرام کو گھر گھر تک پہنچانے سمیت مختلف نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پشتونخواملی عوامی پارٹی اس سرزمین اس کے عوام کی محافظ پارٹی ہے اس پارٹی نے کی بنیاد برصغیر پاک وہند کے آزادی کے قافلے کے عظیم سالار خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے رکھی۔ خان شہید نے اس قوم کو فرنگیوں سے نجات اور پھر اس ملک میں پشتون قوم کی سیالی، برابری کیلئے تاریخی جدوجہد کی اور اس جدوجہد میں نہ صرف قید وبند کی صعوبتیں برداشت کی بلکہ اسی راہ میں جام شہادت نوش کیا اور آج خان شہید کی شروع کردہ تحریک کی رہبری پشتونخوامیپ کے سربراہ محمودخان اچکزئی کررہے ہیں اور قومی اہداف کے حصول کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے قیام کے بعد بھی پشتونوں کواپنے حقوق سے محروم رکھا گیا ہے پشتونخوامیپ اپنے عوام کے حقوق کے حصول ان کی سیالی وبرابری کی جنگ لڑرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018کے عام انتخابات میں عوام کے حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈالا گیا اور اپنے من پسند افراد کو لاکر حکومت دے دی گئی۔لیکن ان کے من پسند افراد کے کابینہ اور اس کے وزیر اعلیٰ عوام کو ہر شعبہ زندگی میں ریلیف دینے میں ناکام ہوچکے ہیں انکی نااہلی، ناکامی،ناتجربہ کاری کے باعث آج صوبے کے ملازمین احتجاج پر بیٹھے ہیں، زمیندار ایکشن کمیٹی والے احتجاج پر ہیں یونیورسٹی اساتذہ ہڑتال پر ہے، برشور اور مختلف اضلاع کے عوام اپنے مطالبات کے حق میں پیدل لانگ مارچ کررہے ہیں، پریس کلب کوئٹہ کے سامنے مختلف احتجاجی کیمپس لگے ہوئے ہیں لیکن سلیکٹڈ وزیر اعلیٰ اور اس کی کابینہ اور ان کے اتحادی جماعتیں بجائے عوام،ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کے انہیں مزید پریشانیوں ومشکلات سے دوچار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کے حلقوں میں مداخلت کا سلسلہ اب بھی ختم نہیں کیا اور غیر منتخب لوگوں کے لیئے عوام کے خزانے سے خطیر رقوم نکال کر کرپشن وکمیشن کی بنیاد پر اپنے من پسند افراد کو نوازا جارہا ہے جبکہ عوام کے فلاح وبہود کیلئے کوئی اسکیم نہیں دیاجارہا اور نہ ہی عوام کے مسائل کو حل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ عوام کی نمائندہ قومی سیاسی جمہوری جماعت ہے اور اس جماعت نے ہمیشہ تمام عوام کی بلا امتیاز خدمت کی ہے اور پشتونخوامیپ کو عوام کے مسائل ومشکلات اور ان کی تکالیف کا احساس ہے اور اس کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرنے کے ساتھ ساتھ ہر آئینی جمہوری احتجاج کا بھرپور ساتھ دیا جائیگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں