افریقی ملک موزمبیق میں داعش نے12غیر ملکیوں کے سرقلم کر دیئے

پالما:افریقی ملک موزمبیق کے علاقے پالما میں 12 افراد جو ممکنہ طور پر غیر ملکی ہیں، کا سر قلم کردیا گیا جس کی داعش نے ذمہ داری قبول کرلی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کمانڈر پیڈرو ڈا سلوا نے 60 ارب ڈالر کے قدرتی گیس منصوبوں کے قریب شہر کا دورہ کرنے والے صحافیوں کو بتایا کہ وہ 12 افراد کی قومیت کے بارے میں یقین سے نہیں کہہ سکتے تاہم ان کا خیال ہے کہ وہ سفید فام ہونے کی وجہ سے غیر ملکی ہیں۔ٹیلی ویژن چینل پر نشر کی گئی ان کی ایک ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ ان کے ہاتھ اور پیر باندھ ان کا سر قلم کیا گیا اور پھر انہیں دفنا دیا گیا تھا۔داعش شمالی کابو ڈیلگاڈو صوبے جہاں پالما شہر واقع ہے، میں 2017 سے سرگرم ہے جبکہ یہ واضح نہیں ہے کہ ان کا کوئی مشترکہ ہدف ہے یا نہیں۔جنوبی افریقہ، زمبابوے اور بوٹسوانا سمیت دیگر ممالک کے علاقائی رہنماؤں نے موزمبیق کے دارالحکومت میپوٹو میں ملاقات کی تاکہ تشدد کے رد عمل پر غور کیا جاسکے۔موزمبیق کی وزیر خارجہ ویرونیکا میکامو دلہووو نے کہا کہ رہنماؤں نے رواں ماہ موزمبیق میں ایک وفد بھیجنے کا عزم کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ وفد اس خطرے کے طول و عرض کا جائزہ لینے کے لیے آئے گا۔موزمبیق میں تکنیکی تعیناتی کے حوالے سے اجلاس کے بعد جاری ہونے والی ایک بیان میں کہا گیا کہ علاقائی بلاک ایس اے ڈی سی کے مزید اجلاس طلب کیے جائیں گے۔حکومت نے کہا کہ 24 مارچ سے شروع ہونے والے تازہ حملے میں درجنوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور امدادی گروپس کا خیال ہے کہ ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے تاہم ان ہلاکتوں اور بے گھر ہونے کے صحیح اعداد و شمار واضح نہیں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں