ترکی کی عراق میں کارروائی، کردستان ورکرز پارٹی کے 42 ممبران ہلاک
انقرہ:ترک سیکورٹی فورسز نے شمالی عراق میں کی جانیوالی ایک حالیہ بین السرحدی کارروائی میں کالعدم کردستان ورکرز پارٹی(پی کے کے) کے کل 42 ممبران کو ہلاک کر دیا۔ترک وزارت دفاع نے ٹویٹ کیا ہے کہ جمعرات کے روز مسلح ڈرونز کے ذریعے شمالی عراق کے متینا اور ایواسن باسیان خطوں میں کیے جانیوالے آپریشن پینس سمسک اور آپریشن پینس یلدیرم کے دوران کردستان ورکرز پارٹی کے 5 ممبران مارے گئے ہیں اور ہلاک ہونیوالوں کی کل تعداد 42 ہو گئی ہے۔وزارت دفاع کی جانب سے اس قبل جاری کیے گئے بیانات کے مطابق ترک فوج نے 23 اپریل کو کردستان ورکرز پارٹی کے اہداف کے خلاف زمینی اور فضائی حملوں کا آغاز کیا تھا اور اس کارروائی کے آغاز کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 4 ترک فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ترکی باقاعدگی کے ساتھ بین السرحدی حملوں کے دوران شمالی عراق میں کردستان ورکرز پارٹی کے اڈوں کو نشانہ بناتا رہتا ہے۔


