میر فیضان جتک کے قتل پر ضیاء لانگو کی آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب
کوئٹہ:صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر شہری کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیر داخلہ نے غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کا حکم دیا ہے۔وزیر داخلہ میر ضیا ء نے شہری کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق شہری کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ جرا جرائم کو روکنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اسلام امن کا دین ہے۔ دین اسلام میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔کوئی معاشرہ پر تشددرویوں کی اجازت نہیں دیتا۔ انتہا پسند رویے معاشرے میں بگاڑ پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان ومال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور ریاست اپنی یہ ذمہ داری ہر صورت نبھائے گی۔ قانون سب کے لئے برابرہے۔ قانون شکنی کرنے والے عناصر سے قانون کے تحت نمٹا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کسی کو بھی ریاست کی رٹ چیلنج نہیں کرنے دیں گے۔ ریاست کی رٹ کو ہر صورت برقرار رکھاجائے گا اور جہاں قانون توڑا جائے گا وہاں قانون ا پنا راستہ خود بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نا خوشگوار واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہو ں گی۔


