ہائر ایجوکیشن کمیشن نے جامعۃ المدینہ کو ڈگری ایوارڈنگ انسٹی ٹیوٹ کادرجہ دیا

اوتھل:دعوت اسلامی کے زیرانتظام چلنے والے جامعۃ المدینہ کو ڈگری ایوارڈنگ انسٹیٹیوٹ کادرجہ حاصل ہوگیا،ہائر ایجوکیشن کمیشن نے جامعۃ المدینہ کو ڈگری ایوارڈنگ انسٹی ٹیوٹ کادرجہ دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت تعلیم نے دعوت اسلامی کو اپنا تعلیمی بورڈ بنانے کی اجازت دیدی ہے، جس کے بعد کنزالمدارس کے نام سے بورڈ کا قیام عمل لایا جاچکا ہے اور اس بورڈ کے صدر رکن شوریٰ مولانا جنید عطاری مدنی ہوں گے،جامعۃ المدینہ نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ڈگری ایوارڈنگ انسٹی ٹیوٹ کیلئے دستاویزات جمع کرارکھی تھیں، ڈگری ایوارڈنگ انسٹیٹیوٹ کادرجہ ملنے کے بعد جامعۃ المدینہ الشھادۃالعالمیہ کی ڈگریاں دینے کامجاز ہوگا، جامعۃ المدینہ الشھادۃ العالمیہ کی روایتی اورجدید طریقہ کارکے مطابق ڈگریاں جاری کرسکے گا۔ الشھادۃالعالمیہ کی ڈگری ایم اے اسلامیات وعربی کے مساوی شمار ہوگی۔ اس حوالے سے ترجمان دعوت اسلامی رکن شوریٰ مولانا عبدالحبیب عطاری نے کہا کہ ملک و بیرون ملک جامعۃ المدینہ سے امتحان دینے والے طلباء ایم اے کی ڈگری حاصل کرسکیں گے۔ رکن شوریٰ نے مزید کہا کہ جامعۃ المدینہ روایتی دینی اورجدید تقاضے سے ہم آہنگ نصاب تشکیل دے گا جوقرآن وحدیث،سیرت وفقہ،اسلامی تاریخ اورجدید اسلوب پر مشتمل ہوگا، دعوت اسلامی معاشرے میں دین اسلام کی ترویج واشاعت اورتعلیم کے فروغ کیلئے اپنامثبت کردارادا کرتی رہے گی۔مولانا عبدالحبیب عطاری نے کہا کہ قوموں نے عروج علم وتحقیق کے میدان میں محنت کرکے ہی حاصل کیاہے، ہم بھی تعلیم کوفروغ دے کرہی ترقی کی منازل طے کرسکتے ہیں۔ہمیں اپنے ملک کوعظیم تربنانے کیلئے علم وتحقیق کوفروغ دینا ہوگا،ہم ہرشہری کوعلم کے زیور سے آراستہ کرکے ہی کامیاب معاشرے کی بنیاد رکھ سکتے ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں