کوئٹہ، عید الفطر کے تین دنوں میں 128ٹریفک حادثات ہوئے،3افراد جاں بحق 264زخمی ہوئے
کوئٹہ؛ بلوچستان میں عید الفطر کے پہلے 3دنوں کے دوران ایک سو 28ٹریفک حادثات میں 3افراد جاں بحق جبکہ2سو 64افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ چیف ایگزیکٹیو ریسکیو سروس عزیز جمالی کے مطابق بلوچستان میں نیشنل ہائی ویز پر 13سے 15مئی کے دوران ٹریفک کے 128حادثات رونما ہوئے جن میں 3افراد جاں بحق جبکہ 264افراد زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے 78فیصد موٹرسائیکل حادثات شامل ہیں، اسی طرح 11مئی سے 17مئی کے دوران صوبے بھر میں مختلف حادثات کے دوران 10افراد کی لاشیں اور659زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کا علاج کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق عید الفطر کے پہلے 3دنوں کے دوران بلوچستان کے نیشنل ہائی ویز پر ایک سو 28سڑک حادثات میں 3افراد جاں بحق جبکہ 2سو 64زخمی ہوگئے ہیں جنہیں صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں علاج کی سہولیات فراہم کی گئیں، ذرائع کے مطابق یہ صرف وہ کیسز ہیں جو رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ غیر رپورٹ شدہ کیسز اس کے علاوہ ہیں۔ چیف ایگزیکٹیو ریسکیو سروس عزیز جمالی نے میڈیا کو بتایا کہ عید کے تین دنوں کے دوران جاں بحق افراد کی تعداد 3ہیں جبکہ دیہاتوں اور دور دراز علاقوں میں پیش آنے والے حادثات کی ڈیٹا ان کے پاس موجود نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ حادثات لسبیلہ کے علاقے وندر اور خضدار کے علاقے باغبانہ میں پیش آئے، 13مئی سے 15مئی کے دوران وند ر میں 88ٹریفک حادثات رونما ہوئے جن میں 88افراد زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو کیا گیا۔ دوسری جانب سے ٹراما سینٹر کے جاری کئے گئے ڈیٹا کے مطابق بلوچستان بھر میں عید الفطر کے دنوں 11مئی سے 17مئی کے دوران ٹریفک حادثات کے 659زخمیوں اور 10افراد کی ڈیڈ باڈیز ٹراما سینٹر لائی گئیں، زخمیوں میں سے 60کی حالت غیر تسلی بخش تھیں جن میں سے 30زخمیوں کے میجر اور 33کے مائنرآپریشنز کرائے گئے۔ ڈیٹا کے مطابق 11مئی کو ٹراما سینٹر 56زخمی لائے گئے جن میں سے 9کی حالت سیریس تھیں جنہیں علاج کے لئے داخل کردیا گیا اور 47کو طبی امداد کی فراہمی کے بعد ڈسچارج،5زخمیوں کے میجر جبکہ 7کے مائنر آپریشنز کرائے گئے اور اسی دن حادثے کے ایک شخص کی لاش بھی ٹراما سینٹر پہنچائی گئی۔ 12مئی کو 88 زخمی ٹراما سینٹر لائے گئے جن میں سے 8زخمیوں کی حالت غیر تسلی بخش پر ہونے انہیں ہسپتال میں داخل کردیا گیا اور 80کو طبی امداد کے بعد ڈسچارج کیا گیا اور دیگر 8میں سے 4کے میجر اور 2کے مائنر آپریشنز کئے گئے ہیں، 12مئی کو بھی حادثے میں ہلاک ہونے والے شخص کی لاش ٹراما سینٹر منتقل کی گئی۔ عید کے پہلے دن صوبے کے مختلف علاقوں میں حادثات میں زخمی ہونے والے 115 زخمی ٹراما سینٹر پہنچائے گئے جن میں سے 101کو طبی امداد کی فراہمی کے بعد ڈسچارج جبکہ 14کو مزید علاج کے لئے داخل کردیا گیا جن میں سے 5کے میجر اور 4کے مائنر آپریشن کئے گئے اس کے علاوہ اسی دن حادثات کے نتیجے میں فوت ہونے والے 2افراد کی لاشیں بھی ٹراما سینٹر پہنچائی گئیں۔ عید کے دوسرے دن 14مئی کو رونما ہونے والے حادثات کے 116زخمی ٹراما سینٹر پہنچائے گئے جن میں سے 111کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کردیا گیا جبکہ 5کو مزید علاج کے لئے ٹراما سینٹر میں داخل کردیا گیا اسی دن 6مریضوں کے میجر اور 3کے مائنر آپریشنز کرائے گئے ہیں اسی دن بھی 2زخمی ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی ہلاک ہوگئے تھے۔ عید کے تیسرے دن 15مئی کو حادثات کے 87زخمی ٹراما سینٹر پہنچائے گئے جن میں سے 80کو طبی امداد کے بعد فارغ جبکہ 7کو داخل کردیا گیا، 6کے میجر اور 4کے مائنر آپریشنز ڈاکٹرز نے کرائے جبکہ 4افراد کی لاشیں بھی ٹراما سینٹر اسی دن پہنچائی گئیں۔ اسی طرح 16مئی کو صوبے کے مختلف علاقوں میں حادثات کے 98زخمی ٹراما سینٹر پہنچائے گئے جن میں سے 92کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ جبکہ 6کو داخل کردیا گیا اور 9کے مائنر آپریشنز کرائے گئے۔ دریں اثناء 17مئی کو حادثات کے 99زخمی ٹراما سینٹر پہنچائے گئے جن میں سے 88کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ جبکہ 11کو مزید علاج کے لئے داخل کردیا گیا اور 4کے میجر اور 4کے مائنر آپریشنز کرائے گئے۔ ٹراما سینٹر کے جاری کئے گئے ڈیٹا کے مطابق 11مئی سے 17مئی کے دروران ٹراما سینٹر کے ڈاکٹرز اور دیگر عملے نے بہترین خدمات سرانجام دیتے ہوئے زخمیوں کے کل 919لیبارٹری ٹیسٹ، 67الٹراساؤنڈ، 229کے سی ٹی اسکین، 223کے ایکسرے اور 53کے بلامعاوضہ خون کے ٹیسٹ کئے۔


