کورونا سے نجات کا واحد ذریعہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اور بروقت ویکسین لگوانا ہے،بشریٰ رند
کوئٹہ:صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات بشریٰ رند نے کہا ہے کہ کورونا سے نجات کا واحد ذریعہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اور بروقت ویکسین لگوانا ہے عوام حکومتی ایس اوپیز پر عمل درآمد کو جاری رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے مفت ویکسینیشن کے عمل میں زیادہ سے زیادہ شامل ہوکر اپنے اور اپنے خاندان کو کرونا وائرس کے حملے سے محفوظ بنانے میں اپنا اخلاقی،قومی اورسماجی کردار ادا کریں۔ کیونکہ صوبائی حکومت کی جانب سے کرونا کے خاتمے کے لیے بروقت اقدامات سے صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور امید ہے کہ عوام کی جانب سے ویکسینیشن کے عمل میں زیادہ سے زیادہ شرکت سے ہم بہت جلد اس صورتحال سے نکل آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرونا ویکسینیشن کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنے اور انہیں اس جانب راغب کرنے کے بارے میں آگاہی پروگرام کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نے مزید کہا کہ صوبے میں کرونا کے پھیلاؤ کی صورتحال، وائرس سے بچاو، احتیاطی تدابیر اور ویکسینیشن کے عمل کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ اس حوالے سے ویکسینیشن کے عمل کو تیز کرنے کے لیے صوبے بھر میں نئے مراکز اور ویکسینیشن پوانٹس بنائے جارہے ہیں، عملے کو ویکسینیشن کی ٹریننگ دی جارہی ہے اور عوام کی رجسٹریشن کیلیے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال سے کرونا وائرس نے دنیا بھر میں تباہی پھیلا رکھی ہے۔ کرونا سے بچاؤ کا سب سے آسان اور مفید حل ایس او پیز پر عمل درآمد ہے۔ سماجی فاصلہ برقرار رکھ کر ہی اس سے بچا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی مفت ویکسینیشن مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلیے ضروری ہے کہ 40 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کو کرونا کی ویکسین لگوائیں تاکہ انہیں اس وائرس سے محفوظ رکھا جاسکے۔ کرونا ویکسین مکمل طور پر محفوظ ہے اور اسکے کسی قسم کے نقصانات نہیں ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے اس سلسلے میں واضح ہدایات ہیں۔ عوام کرونا ویکسین کے حوالے سے پھیلائے گئے منفی رجحانات کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔


