مہنگائی اور بیروزگاری سے لوگ تنگ آچکے ہیں بجلی کے نرخوں میں اضافہ ناقابل قبول ہے علی مدد جتک

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک، جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے آئی ایم ایف سے غلط معاہدے کرکے عوام کا جینا دو بھرکردیا گیا ہے، مہنگائی اور بیروزگاری سے لوگ تنگ آچکے ہیں بجلی کے نرخوں میں اضافہ ناقابل قبول ہے عوام نااہل حکومت کا خاتمہ چاہتی ہے۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ حکومت کی نا تجربہ کاری اور غلط فیصلوں کی وجہ سے کروڑوں لوگ غربت کی لکیر کے نیچے اور 50 لاکھ باروزگارافراد بیروزگار ہوگئے مڈل اور لوئر کلاس معاشی بحران میں مبتلا ہوگئے ہیں موجودہ حکومت مالیاتی اداروں کی ہدایات پر چل رہی ہے اور تمام فیصلے باہر سے تیار ہوکر عوام پر مسلط کئے جارہے ہیں۔ زندگی کی دیگر اشیاء ضروریہ کی طرح عوام کے لئے بجلی کا بل ادا کرنا ایک خواب ہوکر رہ گیا ہے اور غریب عوام نفسیاتی مریض ہوکر رہ گئے ہیں عوام کی نمائندگی کا دعوی کرنے والے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی اور وزراء حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف بولنے کی ہمت نہیں رکھتے انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بیانیہ قوم کی آواز ہے۔کرپشن کی تان پر این آر او کی راگنی کے تار ٹوٹ چکے ہیں، سلطنت نیازییہ میں غریب پامال ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عظیم قوم اور باوقار پاکستان بلاول بھٹو کا منشور ہے، بغض اور تعصب کی عینک اتار کر دیکھا جائے تو پیپلزپارٹی کا دور شاندار نظر آئے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں