پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال میں واضح حد تک بہتری آئی ہے،اعجاز احمد شاہ
اسلام آباد , وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال میں واضح حد تک بہتری آئی ہے،اسلام آباد دنیا کے محفوظ ترین دارلحکومتوں میں شمار ہوتا ہے۔ یہ بات وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے چیک ریپبلک کے سفیر تھامس سمیٹانکا سے وزارت داخلہ میں ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کہی۔وزارت داخلہ میں ہونیوالی اس ملاقات میں باہمی امور کے معاملات کو زیر بحث لایا گیا۔ اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال میں واضح حد تک بہتری آئی ہے،اسلام آباد دنیا کے محفوظ ترین دارلحکومتوں میں شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون اور امن و امان سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک پرامن قوم ہے اور ہم دنیا بھر کو امن کا پیغام دیتے ہیں – حکومتی سطح پر کاوشوں کی بات کرتے ہوئے اعجاز احمد شاہ نے چیک سفیر کو بتایا کہ سیاحت کے فروغ کے لئے اس حکومت نے بہت کام کیا ہے اور اس سلسلے میں مزید سہولیات اور آسانی کو مدنظر رکھتے ہوئے ویزہ پالیسی میں بہتری لائی گئی ہے اور آن لائن درخواستوں کی وصولی بھی شروع کر دی گء ہے- حالات کی بہتری والی بات سے متفق ہوتے ہوئے چیک سفیر نے کہا کہ واقعی سکیورٹی معاملات اب قدرے بہتر نظر آرہے ہیں۔ میراپاکستان میں گزشتہ 6 ماہ کاعرصہ بہت خوشگوار گزرا ہے۔ چیک سفیر نے کہا کہ باہمی امور میں تعاون بہتر بنانے کے لئے دوطرفہ لائحہ عمل چاہتے ہیں – جس پر وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے مثبت جواب دیتے ہوئے کہا کہ ضرور اس میں پیش رفت کی جا سکتی ہے- ملاقات کے اختتام پر چیک سفیر کی جانب سے پاکستان میں موجود چیک قیدی تک قونسلیٹ رسائی کی درخواست کی گء- جس کے جواب میں وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے اجازت کے ساتھ ساتھ تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ ترتیب کردہ لائحہ عمل کے تحت تمام ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی جس کے جواب میں چیک سفیر نے وزیر داخلہ کے تعاون اور وقت دینے کا شکریہ ادا کیا- ملاقات کا اختتام اس امید کے ساتھ ہوا کہ دونوں ممالک باہمی ہم آہنگی کے لئے مشترکہ کام کریں گے۔