عوام کو اب خالی خولی نعروں سے دھوکہ نہیں دیا جا سکتا، نعیم بازئی
کوئٹہ: صوبائی مشیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ملک نعیم خان بازئی نے کہا ہے کہ عوام کو اب خالی خولی خوشنما نعروں سے دھوکہ نہیں دیا جاسکتا، وہ الیکشن سے قبل عوام سے کئے گئے وعدے پورے کررہے ہیں، کچلاک سے پنجپائی تک عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جارہے ہیں۔ ان خیالات کااظہا ر انہوں نے کلی کتیر کچلاک محلہ سیدان میں واٹر سپلائی اسکیم کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنچایا جارہا ہے۔ حلقہ انتخاب کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے وہ بھر پور انداز میں اقدامات اٹھارہے ہیں ایک ہفتے کے دوران 18واٹر سپلائی اسکیموں پر کام شروع کیا جاچکا ہے جس سے عوام کو درپیش پانی کا مسئلہ کافی حد تک حل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کچلاک پہلے یونین کونسل تھا جسے اب میونسپل کمیٹی کا درجہ دیدیا گیا ہے جسے فعال بنانے اور فائر بریگیڈ کی سہولت سمیت عملے کی تعیناتی کے لئے 19کروڑ روپے کے فنڈز جاری کردیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اب خالی خولی نعروں سے دھوکا نہیں دیا جاسکتا۔ اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے جمال الدین رشیاء کاکہنا تھا کہ عوامی نمائندے عوام کو جوابدہ ہے اور ان کے کچلاک آنے کا مقصد عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک نعیم نے بطور ڈسٹرکٹ چیئرمین کے جتنی عوامی خدمت کی وہ شاید ایم پی ایز نہیں بھی نہیں کی ہوگی۔ اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران کے صدر عبدالرحیم کاکڑ، اے این پی کے اخلاق بازئی، ارباب غلام کاسی، رفیع اللہ آغا، عصمت اللہ آغا و دیگر نے بھی خطاب کیا۔


