جنگ کے خاتمے کیلئے منصوبہ تیار، امریکا ایران کے منجمد 20 ارب ڈالر جاری کرے گا، بدلے میں ایران سے افزودہ یورینیم کا ذخیرہ ترک کرنے کا مطالبہ، امریکی میڈیا

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کیلئے 3 صفحات پر مشتمل ایک منصوبے پر مذاکرات جاری ہیں۔ امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے دعویٰ کیا ہے کہ منصوبے میں ایک اہم تجویز یہ ہے کہ امریکا ایران کے منجمد 20 ارب ڈالر جاری کرے گا جس کے بدلے ایران اپنا افزودہ یورینیم کا ذخیرہ ترک کردے گا۔ ویب سائٹ کے مطابق امریکی انتظامیہ کی ایک بڑی ترجیح یہ ہے کہ ایران اپنی زیرِ زمین جوہری تنصیبات میں موجود تقریباً 2 ہزار کلوگرام افزودہ یورینیم تک رسائی حاصل نہ کرسکے، خصوصاً وہ 450 کلوگرام یورینیم جو 60 فیصد تک افزودہ ہے۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات کے ابتدائی مرحلے میں امریکا ایران کو 6 ارب ڈالر جاری کرنے پر تیار تھا تاکہ ایران خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیاءخرید سکے تاہم ایران نے 27 ارب ڈالر کا مطالبہ کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق تازہ ترین بات چیت میں 20 ارب ڈالر کی رقم زیر غور ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں